لاہور میں سموگ کے باعث موٹرسائیکل سواروں کیلئے ماسک کا استعمال لازمی قرار

صوبائی دارالحکومت سمیت دیگر شہروں میں پانی کے چھڑکاؤ اور اینٹی سموگ گنز کا استعمال جاری

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 اکتوبر 2025 11:17

لاہور میں سموگ کے باعث موٹرسائیکل سواروں کیلئے ماسک کا استعمال لازمی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2025ء) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سموگ کے باعث موٹر سائیکل سواروں کیلئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی کے پیش نظر موٹر سائیکل پر سفر کرنے والوں کے لیے ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا، اس حوالے سے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ دہلی، چندی گڑھ، گرداسپور، لدھیانہ اور پٹیالہ سے ہوائیں لاہور کا رخ کررہی ہیں، اسی طرح ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر کو بھی بھارت سے آنے والی فضائی آلودگی متاثر کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی مقامات، سامان لانے والی گاڑیوں کو ڈھانپنے کی ہدایت دی گئی ہیں، موٹر سائیکل پر سفرکرنے والوں کے لیے ماسک کا استعمال لازمی ہے جب کہ گاڑیوں کے شیشے اوپر رکھے جائیں، گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بھی بند رکھیں، دوپہر ایک سے 5 بجے کے درمیان ہوا میں معمولی بہتری متوقع ہے تاہم دوپہر میں آسمان صاف لیکن ہلکی دھند رہے گی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پنجاب خصوصاً لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، فضائی آلودگی کےاعتبار سے لاہور دنیا کے دوسرے نمبر پر آگیا، گزشتہ روز لاہور پہلے نمبر پر جبکہ نئی دہلی دوسرے نمبر پر تھا، محکمہ ماحولیات نے بتایا کہ اس وقت لاہور مشرق سے آنے والی ہواؤں کی زد میں ہے، جس کے باعث فضائی معیار مسلسل بگڑ رہا ہے، شام کے اوقات میں سموگ کی شدت خطرناک سطح تک پہنچ جاتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، ماسک پہنیں، ایئر پیوریفائر استعمال کریں، کھڑکیاں بند رکھیں اور کھلی فضا میں ورزش سے گریز کریں جب کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ سموگ سے سانس کی تکالیف، آنکھوں میں جلن، کھانسی اور جلدی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔