نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ، سلیکشن کے معیار پر انگلیاں اٹھنے لگیں

سلیکٹرز نے بہت سے مستحق کھلاڑیوں کو سیکنڈ الیون میں دھکیل دیا،38 سالہ عمران فرحت ریٹائرڈ کرکٹر ہونے کے باوجود فرسٹ الیون،24 سالہ سمیع اسلم سیکنڈ الیون میں کھیلیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 11 ستمبر 2020 16:31

نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ، سلیکشن کے معیار پر انگلیاں اٹھنے لگیں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 ستمبر 2020ء ) قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کیلئے سلیکشن کے معیار پر انگلیاں اٹھنے لگیں جبکہ کئی نوجوان کرکٹرز کو نظر انداز کرتے ہوئے چلے ہوئے کارتوس منتخب کرلیے گئے۔ قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا 30 ستمبر سے ملتان میں آغاز ہوگا، فرسٹ اور سیکنڈ الیونز کا اعلان بدھ کو کیا گیا تھا، 28 سے زائد اوسط سے 5 ففٹیز سمیت 802 رنز بنانیوالے سمیع اسلم کو سیکنڈ الیون میں رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب صرف 13 کی اوسط سے 69 رنز سکور کرنیوالے عماد بٹ کو مستقبل کیلیے تیار کرنیکا ارادہ کرتے ہوئے فرسٹ الیون میں شامل کرلیا گیا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف 2001ء میں ڈیبیو کرنیوالے 38 سالہ عمران فرحت ریٹائرڈ کرکٹر ہونے کے باوجود فرسٹ الیون میں جبکہ 24 سالہ سمیع اسلم سیکنڈ الیون میں کھیلیں گے، محمد عرفان جونیئر گذشتہ سال محمد عباس سے بہتر پرفارمنس کے باوجود فرسٹ الیون میں جگہ نہیں بنا سکے۔

(جاری ہے)

بلوچستان کی ٹیم میں عمران فرحت کے ساتھ اکبرالرحمان جیسے سینئرز شامل ہیں،انٹرنیشنل سطح پر ٹی ٹونٹی کرکٹ کیلیے ناموزوں سمجھے جانیوالے محمد عباس کو بھی جگہ مل گئی، 2 سال پہلے فرسٹ کلاس میں پرفارم نہ کرنیوالے صلاح الدین بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ گذشتہ سیزن میں بلوچستان کی سیکنڈ الیون کے ٹاپ 5 میں شامل عظیم گھمن اس سال کسی بھی سکواڈ میں نہیں، ورلڈکپس کیلیے ٹیلنٹ تلاش کرنے کا نعرہ لگانے والے پی سی بی سلیکٹرز نے دیگر کئی چلے ہوئے کارتوسوں سمیت ٹیسٹ سپیشلسٹ اسد شفیق کو بھی سندھ ٹیم کا حصہ بنا دیا۔

سینئر کرکٹر فواد عالم کو فرسٹ سے سیکنڈ الیون میں دھکیلتے ہوئے کپتان بنانے کی مہربانی کر دی گئی ہے،دوسری جانب عامر خان جیسے باصلاحیت نوجوان بولر کو خیبر پختونخوا کی سیکنڈ الیون میں شامل کیا گیا،اسی طرح کسی وقت مستقبل کی پلاننگ کا حصہ قرار دیے جانیوالے دلبر حسین سدرن پنجاب اور سلمان ارشاد ناردرن کی بی ٹیموں میں شامل ہوئے ہیں۔