ارطغرل ڈرامے کے معروف کردار ’دوآن‘ پاکستان پہنچ گئے

اپنے 2 روزہ دورہ پاکستان کے دوران ترک اداکار مختلف مقامات کا دورہ کریں گے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 ستمبر 2020 12:09

ارطغرل ڈرامے کے معروف کردار ’دوآن‘ پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2020ء) ارطغرل ڈرامے کے معروف کردار ’دوآن‘ (روشان) پاکستان پہنچ گئے ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کرنے والے تُرک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی میں ’دوآن‘ الپ کا کردار ادا کرنے والے جاوید جیتن گُنیر پاکستان پہنچ گئے ، اپنے 2 روزہ دورہ پاکستان کے دوران ترک اداکار مختلف مقامات کا دورہ کریں گے ۔

اداکارنے انسٹااسٹوریزمیں ایک مختصرویڈیو بھی شیئرکی اور گڈ مارننگ لکھتے ہوئے بتایا کہ وہ اسلام آباد پاکستان میں موجود ہیں ۔ ایسا پہلی بارہے کہ اس ڈرامے کا کوئی کردارپاکستان کا دورہ کررہا ہے۔ اس سے قبل مرکزی کردار انگن التان نے آن لائن ایک چیریٹی پروگرام میں شرکت کی تھی ۔ یہ تقریب کینسر کے مرض میں مبتلا 3 بچوں کی خواہش پوری کرنے کیلئے رکھی گئی تھی۔

(جاری ہے)

  
واضح رہے کہ اس سے قبل ترکی کے ڈرامے دیریلیش ارطغرل جسے پاکستان ٹیلی ویڑن (پی ٹی وی) پر ارطغرل غازی کے نام سے اردو میں ترجمہ کرکے پیش کیا جارہا ہے کے مرکزی کردار انجین التان دوزیتان نے پاکستانی برانڈ سے بطور ایمبیسڈر معاہدہ منسوخ کردیاتھا ۔ چند روز قبل ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے دارالحکومت اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ کیا تھا۔

اس حوالے سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری مختلف پوسٹس میں بتایا تھا کہ انجین التان دوزیتان جلد اسلام آباد میں بلیو ورلڈ میں مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ایک اور پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ انہیں پاکستان میں انجین التان دوزیتان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور جلد ان کا تاریخی استقبال ہوگا۔

بعدازاں انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو میں انجین التان دوزیتان نے پاکستانی برانڈ کا ایمبیسڈر بننے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ جلد پاکستان آؤں گا۔اب ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے بلیو ورلڈ سٹی کو غیر قانونی قرار دیے جانے کی وجہ سے اپنا معاہدہ منسوخ کردیا ہے ۔ اس حوالے سے ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈراما سیریل ’’ار طغرل غازی‘‘ کے ہیرو انجین التان دوزیتان نے بلیو ورلڈ سٹی کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔