وسیم اکرم نے ملک کو صاف بنانے کا نسخہ بتا دیا

ایک بات کی سمجھ نہیں آتی کہ گند اٹھا کر ڈسٹ بن میں پھیکنا اتنا مشکل کیوں ہے: سابق کپتان کا ویڈیو پیغام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ ستمبر 12:35

وسیم اکرم نے ملک کو صاف بنانے کا نسخہ بتا دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 ستمبر 2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ملک کو صاف بنانے کا نسخہ بتا دیا، سوشل میڈپا پر اپنے پیغام میں ماضی کے عظیم فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ ہم ہر جگہ شور مچا دیتے ہیں، یہاں تک کہ ہر رکشے کے پیچھے لکھا ہوتا ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے لیکن اس پر عمل نہیں کرتے، پھر خود ہی کہتے ہیں کہ گورنمنٹ کرپٹ ہے۔

54 سالہ وسیم اکرم نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کیا آپ کے پیچھے ڈسٹ بن لگا دے کہ جدھر صاحب جا رہے ہیں، وہاں انہوں نے گند پھینکنا ہے، وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ مجھے ایک بات کی سمجھ نہیں آتی کہ گند اٹھا کر ڈسٹ بن میں پھیکنا اتنا مشکل کیوں ہے،جب آپ شکوہ کرتے ہیں کہ ڈسٹ بن نہیں ہیں، اگر نہیں ہے تو جس پلاسٹک بیگ میں پانی کی بوتل یا دوسری کھانے پینے کی اشیا لے کر آئے ہو، اس کو اسی بیگ میں ڈالو اور ڈسٹ بن ڈھونڈ کر اس میں ڈال دو، اس میں آخر مشکل کیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وسیم اکرم وطن واپس پہنچنے کے بعد کراچی کی حالت زار دیکھ کر پریشان ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ جانے سے پہلے ساحل بالکل صاف تھا، شنیرا اور سب نے مل کر ساحل کو کلین کیا تھا۔ وسیم اکرم نے مزید کہا کہ وطن واپسی کے بعد ساحل کو آکر دیکھا تو مایوسی ہوئی ہے۔انہوں نے استفسار کیا کہ کیا بارش کی وجہ سے ساحل سمندر گندا ہوسکتا ہے؟۔ وسیم اکرم نے یہ بھی کہا کہ ساحل پر ہر طرف پھیلی جوتیاں، پلاسٹک بیگز سمیت دیگر چیزیں آسمان سے نہیں آئیں۔