تھائی لینڈ،چارجنگ کے دوران موبائل فون کا استعمال لڑکی کی جان لے گیا

طالبہ پڑھائی مکمل کرکے ہیڈ فون سے موسیقی سن رہی تھی ، موبائل فون چارجنگ پر ہونے سے کرنٹ لگا،پولیس

بدھ 16 ستمبر 2020 16:46

تھائی لینڈ،چارجنگ کے دوران موبائل فون کا استعمال لڑکی کی جان لے گیا
بنکاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2020ء) تھائی لینڈ میں چارجنگ کے دوران موبائل فون کا استعمال کرنے والی لڑکی ہلاک ہوگئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق شمال مشرقی تھائی لینڈ میں موبائل فون چارجنگ پر لگا کر موسیقی سننے والی 16 سالہ طالبہ کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئی۔یہ افسوس ناک واقعہ تھائی لینڈ کے شہر روئی ایٹ میں پیش آیا، لڑکی کی شناخت تھانا لک فائی فداسری کے نام سے ہوئی۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا تھا کہ طالبہ پڑھائی مکمل کرنے کے بعد ہیڈ فون سے موسیقی سن رہی تھی اس دوران موبائل فون چارج پر لگا رہا اور کرنٹ لگنے سے اس کی موت واقع ہوگئی۔تھانالک کے والدین کا کہنا تھا کہ بیٹی کو رات کے کھانے کے لیے کمرے میں بلانے کے لیے گئے تو لاش پڑی تھی، اس کے ہاتھ میں فون تھا، گلے اور بازو پر جلنے کے نشانات موجود تھے۔پولیس نے ابتدائی تحقیق میں لڑکی کی موت کی وجہ موبائل فون سے کرنٹ لگنا قرار دیا جبکہ ہلاک ہونے والی لڑکی کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔