آئی بی اے یونیورسٹی کراچی کو ہنگامی طور پر بند کر دیا گیا

یونیورسٹی کے ہاسٹل میں مقیم طالب علم میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد ادارے کو 2 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 17 ستمبر 2020 00:22

آئی بی اے یونیورسٹی کراچی کو ہنگامی طور پر بند کر دیا گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2020ء) آئی بی اے یونیورسٹی کراچی کو ہنگامی طور پر بند کر دیا گیا، یونیورسٹی کے ہاسٹل میں مقیم طالب علم میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد ادارے کو 2 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں واقع ملک کی مشہور یونیورسٹی آئی بی اے کے ایک طالب علم میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد ادارے کو ہنگامی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یونیورسٹی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جس طالب علم میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے وہ اسلام آباد کا رہائشی ہے۔ طالب علم یونیورسٹی ہاسٹل میں قیام پذیر ہے۔ متاثرہ طالب علم نے 2 روز کے دوران کلاسز بھی لیں اور اساتذہ اور ساتھی طالب علموں سے ملاقاتیں بھی کیں۔

(جاری ہے)

متاثرہ طالب علم کو ہاسٹل میں ہی قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ جبکہ طالب علم نے جس جس استاد اور ساتھی طالب علم سے ملاقات کی، ان سب کے کرونا ٹیسٹ بھی کروائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں 6 ماہ سے زائد کی بندش کے بعد 15 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھل چکے ہیں۔ گزشتہ روز اسلام آباد کے ایک تعلیمی ادارے میں بھی کئی افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد ادارے کو سیل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخواہ کے کچھ اسکولوں کے اساتذہ میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود واضح کر چکے کہ جس ادارے سے کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے، اسے بند کر دیا جائے گا۔