لاہور میں پھر سے کرونا وائرس کیسز میں اضافہ

پنجاب کے دارالحکومت میں دوسری لہر آنے کا خدشہ، مثبت کیسز کی شرح میں 4 فیصد تک کا تشویش ناک اضافہ ہوگیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 18 ستمبر 2020 23:49

لاہور میں پھر سے کرونا وائرس کیسز میں اضافہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2020ء) لاہور میں پھر سے کرونا وائرس کیسز میں اضافہ، پنجاب کے دارالحکومت میں دوسری لہر آنے کا خدشہ، مثبت کیسز کی شرح میں 4 فیصد تک کا تشویش ناک اضافہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پھر سے کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لاہور کی نجی لیبز سے کروائے جانے والے کرونا وائرس ٹیسٹوں کے نتیجے میں مثبت کیسز کی شرح 4 فیصد کی تشویش ناک حد تک جا پہنچی ہے۔

جبکہ سرکاری لیبز سے کروائے جانے والے ٹیسٹوں کے نتیجے میں مثبت کیسز کی شرح اب بھی 1 یا اس سے بھی کم ہے۔ اسی باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لاہور میں کرونا وائرس کی دوسری لہر آ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں کرونا کے 45 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں کرونا وائرس کے مجموعی مریضوں کی تعداد 49 ہزار 349 ہو گئی ہے جبکہ پنجاب میں 101 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے کی سطح پر مجموعی تعداد 98 ہزار 142 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس وقت لاہور میں کورونا کے ٹوٹل 22 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 14 مریض سرکاری ہسپتالوں میں جبکہ 8 نجی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے تین اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد لاہور میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 862 ہو گئی ہے جبکہ اس عرصے میں پنجاب کے کسی ضلع سے کرونا وائرس کے باعث موت کی کوئی اطلاعات نہیں ملی۔