بٹل پولیس نے مشہور یاسمین بی بی اغواء و قتل کیس کے مرکزی ملزم دراج عرف گوراج ولد شمو کو گرفتار کر لیا

جمعرات 24 ستمبر 2020 15:41

مانسہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) مشہور یاسمین بی بی اغواء اور قتل کیس کے مرکزی ملزم دراج عرف گوراج ولد شمو کو بٹل پولیس نے گرفتار کر لیا، ملزم کی گرفتاری پر حکومت نے انعام مقرر کر رکھا تھا، ملزم بنہ پولیس بٹگرام اور بٹل پولیس کو کئی سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ بٹل سردار محمد انور خان اور ان کی ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مشہور یاسمین بی بی کو اغواء اور بعد ازاں قتل کرنے والے مرکزی کردار دراج ولد شمو کو چھترپلین سے گرفتار کر لیا، ملزم دراج ولد شمو نے چھترپلین سے یاسمین بی بی دختر عبدالمتین کو زبردستی اغواء کیا جس پر اس وقت کے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار چوہدری نے از خود نوٹس لیا مگر اس کے باوجود بھی یاسمین بی بی کو بازیاب نہیں کرایا جا سکا اور بالآخر یاسمین بی بی کو اس درندہ صفت ملزم نے قتل کر دیا اور اس کے بعد یہ کئی سالوں تک مفرور رہا۔

(جاری ہے)

کچھ عرصہ قبل سے ملزم وادی چوڑ الائی اور دیگر علاقوں میں ڈاکہ زنی اور راہ زنیوں میں بھی ملوث رہا جس کی گرفتاری پر حکومت پاکستان نے انعام بھی مقرر کر رکھا تھا جو ضلع مانسہرہ اور ضلع بٹگرام کے ساتھ ساتھ صوبہ خیبر پختونخوا میں دہشت کی علامت بنا ہوا تھا۔ گذشتہ روز تھانہ بٹل کے ایس ایچ او سردار محمد انور خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو چھتر پلین سے گرفتار کر لیا جس پر علاقہ کی عوام نے انور خان اور ان کی ٹیم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔