پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل اور پاکستان چیپٹر کے وفد کی ڈپٹی کمشنر جہلم سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو

بیرون ممالک مقیم پاکستانی ہمارے لیے قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہیں کیونکہ اگر وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں تو یقیناً ملک کی معاشی حالت مستحکم اور مضبوط ہو سکتی ہے:ڈپٹی کمشنر جہلم راؤ پرویز اختر

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 24 ستمبر 2020 18:09

پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل اور پاکستان چیپٹر کے وفد کی ڈپٹی کمشنر ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) بیرون ممالک مقیم پاکستانی ہمارے لیے قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہیں کیونکہ اگر وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں تو یقیناً ملک کی معاشی حالت مستحکم اور مضبوط ہو سکتی ہے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم راؤ پرویز اختر نے پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل کے چیئرمین میاں طارق جاوید،چیئرمین پاکستان چیپٹر میاں محمد الیاس ،مرکزی نائب صدر پاکستان چیپٹر طارق مجید کھوکھر،جنرل سیکرٹری پاکستان چیپٹر فہد انعام خان ،پاکستان اوورسیز کمیونٹی یوتھ ونگ کے پاکستان چیپٹر کے صدر عبداللہ عثمان،صفدر ہاشمی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اے ڈی سی آر محمد ارشد بھدر بھی موجود تھے۔


پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل کے چیئرمین میاں طارق جاوید نے کہاکہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان آ کر بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ وہ وہاں دن رات محنت کرکے اپنے ملک کی معیشت کو درست کرنے کے لیے سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں لیکن جب وہ پاکستان آ کر کوئی زمین یا جائیداد خریدتے ہیں تو ان کے ساتھ یہاں پر موجود کچھ قبضہ گروپ کے افراد ان سے سرمایہ لیکر رجسٹری تو کروا دیتے ہیں مگر انہیں قبضہ نہیں ملتا،جس کے لیے وہ عدالتوں سے رجوع کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت بیرون ممالک مقیم پاکستانی بائیس ارب ڈالر پاکستان بھجوا رہے ہیں اگر یہاں ان کو سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول ملے تو یہی سرمایہ کاری ملک کی معیشت میں اضافہ کر سکتی ہے ڈپٹی کمشنر جہلم راؤ پرویز اختر نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات پر ہم نے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کیلئے ایک علیحدہ کاؤنٹر بنایا ہوا ہے جس پر جو درخواستیں موصول ہوتی ہیں ان پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کرکے انہیں ریلیف دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)


انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس بیرون ممالک پاکستانیوں کی 112درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 108درخواستوں پر قانون اور میرٹ کے مطابق فیصلے کرکے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ریلیف دیا گیا ہے۔ جبکہ چار درخواستیں جن کے مقدمات سول عدالتوں میں ہیں وہ عدالت سے اپنے فیصلے کروائینگے۔اس موقع پر پاکستان اوورسیز کمیونٹی پاکستان چیپٹر کے چیئرمین میاں محمد الیاس نے کہاکہ حکومت پاکستان کو ہر محکمے میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے لیے علیحدہ کاؤنٹر بنا کر انہیں تعلیم،صحت اور دوسرے محکمہ مال میں ریلیف دینے کے لیے ممکنہ اقدامات کرنے ہونگے میاں طارق جاوید نے بتایا کہ خدا کے فضل کرم سے آج پاکستان اوورسیز کمیونٹی دنیا کے 78ممالک میں اس کی تنظیمیں بنائی جا چکی ہیں جبکہ یہ عمل جاری ہے انہوں نے بتایا کہ میرے پاکستان آنے کا مقصد جس طرح حکومت بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو انتخابات میں دوہری شہریت کی شق ختم کرکے حصہ لینے کے لیے قانون بنا رہی ہے اس ضمن میں میری تمام اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں اور قائدین سے بات ہوئی ہے کہ حکومت کو بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی نشستیں مختص کرنا ہونگی تا کہ وہ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں ۔