بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی اوراین ڈی ایم اے کے درمیان معاہدہ

قدرتی و انسان کی پیدا کردہ آفات کی مینجمنٹ کے حوالے سے دونوں ادارے مشترکہ کوشش کریں گے

جمعرات 24 ستمبر 2020 19:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2020ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم ای)، اسلام آباد کے درمیان ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں، جس کا مقصد قدرتی اور انسان کی پیدا کردہ آفات کے حوالے سے معلومات کا تبادلہ، تربیت، تحقیق اور ترقی کی معاونت کرنا ہے۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ آتھارٹی کے ایک سینئر رکن نے وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے، اس موقع پر چیئر مین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ آتھارٹی لیفٹنٹ جنرل محمد افضال موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا شمار دنیا کے بہترین حیاتیاتی اور کیمیائی علوم کے اداروں میں ہوتا ہے جہاں عالمی سطح پر اسکالرز کو تریبیت کی دی جاتی ہے، انھوں نے کہا بین الاقوامی مرکز اپنی نوعیت کا واحد پاکستانی تحقیقی ادارہ ہے جونہ صرف آئی ایس او سے سند یافتہ ہے بلکہ "یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری2انسٹی ٹیوٹ" کے منصب پر بھی فائز ہے۔

لیفٹنٹ جنرل محمد افضال نے کہا نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ آتھارٹی پاکستان میں قدرتی اور انسان کی پیدا کردہ آفات سے مقابلے کرنے کی استعداد بڑھانے اور اس عنوان نے سے پالیسی سازی اور باہم تعاون بڑھانے میں مشغول رہا ہے۔ انھوں نے کہا ڈیزاسٹر مینجمنٹ آتھارٹی دراصل ملک میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ سائکل کو منظم کرتی ہے، جس میں تیاری، تخفیف، خطرے میں کمی، امداد اور بحالی کے امور شامل ہیں۔

انھوں نے کہا نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان تیار کیا گیا ہے، جس پر عمل کر کے کسی آفت کی صورت میں بہتر ردعمل ظاہر کیا جاتا ہے۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے قدرتی اور انسان کی پیدا کردہ آفات کے حوالے سے معلومات کا تبادلہ، تربیت، تحقیق اور ترقی کے عنوان سے مشترکہ کام کریں گے، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی آئسو لیشن ہوسپٹل اینڈ انفکیشس ٹریٹمنٹ سینٹر کی تحقیق و تربیتی اور تبادلہء معلومات کی استعداد بڑھانے کے لیے مدد ومعاونت کرے گا۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ آتھارٹی کویڈ19کی ویکسین کے ٹرائل کے حوالے سے بین الاقوامی مرکز کی مدد کرے گا۔ اس معاہدے کی مدت تین سال ہے جبکہ باہمی رضا مندی سے اس کی مدت میں اضافہ ممکن ہوگا۔