صوبائی حکومت صوبے میں معاشی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہیں،عبدالکریم

جمعرات 24 ستمبر 2020 22:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2020ء) صوبے میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صنعتی پالیسی 2020 لا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام، ھندارہ' میں براہ راست اظہار خیال کرتے ہوئے کیا،معاون خصوصی نے مزید کہا کہ رشکئی سپیشل اکنامک زون صوبے کے عوام کے لیے ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جس میں 128ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی،جس کے ذریعے صوبے میں تجارت کے ساتھ ساتھ لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے،معاون خصوصی نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں صنعتی ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے ان کو بروئے کارلایا جائے۔

(جاری ہے)

کیونکہ یہ علاقے معدنی دولت سے مالامال ہیں، افغانستان کے ساتھ منسلک بارڈر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومت ان کو تجارتی مقاصد کے لیے کھولنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور اس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے،جس کی بدولت صوبے میں تجارت کا ایک نیا دور شروع ہوگا،اس سلسلے میں صوبائی حکومت جنوبی وزیرستان وانا اور نورک شمالی وزیرستان میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کر رہی ہے۔

معاون خصوصی نے فنی تعلیم کے حوالے سے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں فنی تعلیم کے فروغ اور ترقی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ تاکہ صوبے میں قائم صنعتی یونٹس کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے، اسکے ساتھ ساتھ صوبے میں قائم ناکارہ صنعتوں کی بحالی کے لیے بھی خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں گدون اور دیگر صنعتی زونز میں کافی پیش رفت ہوچکی ہے جس سے ان کی پیداواری صلاحیت کافی بہتر ہوگئی ہے، کاٹیج انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ نئی صنعتی پالیسی میں کاٹیج انڈسٹریز کی ترقی کے لئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہے جس کی وجہ سے کاٹیج انڈسٹری میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا اسکے ساتھ ساتھ ان کو آسان شرائط پر قرضوں کا اجراء بھی کیا جا رہا ہے۔