متحدہ عرب امارات نے سیاحتی ویزوں کی اجازت بحال کردی

سیاحتی ویزوں کی بحالی کا مقصد ریاست کو سیاحتی شعبے اور قومی معیشت کی بحالی میں مدد دینا ہے. اماراتی حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 24 ستمبر 2020 20:56

متحدہ عرب امارات نے سیاحتی ویزوں کی اجازت بحال کردی
ابوظہبی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 ستمبر ۔2020ء) متحدہ عرب امارات نے سیاحتی ویزوں سمیت ملک میں داخلے کے اجازت نامے کا سلسلہ بحال کردیا ہے. یو اے ای نے مارچ میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے غیرملکیوں کو ویزوں کا اجرا معطل کردیا تھا اب حکومت کے فیصلے کے تحت غیرملکی سیاح ابو ظبی سمیت تمام امارتوں میں داخل ہوسکتے ہیں.

یو اے ای کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق سیاحتی ویزوں کی بحالی کا مقصد ریاست کو سیاحتی شعبے اور قومی معیشت کی بحالی میں مدد دینا ہے تاہم ابھی ورک پرمٹ جاری نہیں کیے جائیں گے.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یو اے ای میں شامل امارت دبئی نے پہلے ہی 7 جولائی سے غیرملکیوں کو سیاحتی ویزوں کا اجرا شروع کررکھا ہے ابوظبی نے گذشتہ ہفتے کووِڈ 19 سے بچاﺅ اور بین الاقوامی مسافروں کے قرنطین میں رہنے کے لیے راہنما ہدایات جاری کی تھیں.

ابو ظبی میڈیا دفتر کے مطابق تمام آنے والے مسافروں کو 14 روز تک الگ تھلگ رہنا ہوگا اور برقی بریسلٹ پہننا ہوگا تاکہ ان کی نقل وحرکت کا پتا چلتا رہے اگر کسی غیر ملکی زائر کا ابوظبی میں دو ہفتے سے کم عرصہ قیام کا ارادہ ہے تو اس کوبھی قرنطین میں رہنا ہوگا اگر کوئی مسافر تنہا رہتا ہے تو اس کو گھر ہی میں قرنطینہ میں رہنے کی اجازت ہوگی. ایک ہی خاندان کے افراد اگر اکٹھے سفر کررہے ہیں تو وہ ایک ہی گھر میں قرنطین میں رہ سکتے ہیں تاہم اگر حکام نے ان کی اقامت گاہ کو نامناسب پایا تو انھیں کسی ہوٹل میں یا حکام کی جانب سے مہیا کردہ جگہ پر منتقل ہونے کے لیے کہا جاسکتا ہے.

ابوظبی کے مرکز صحت کے مطابق جس مکان یا عمارت میں لوگ قرنطین میں رہیں گے تو اس کے بیرونی دروازے پر انھیں اس بابت عوام کے کے انتباہ کے لیے ایک نوٹس آویزاں کرنا ہوگا.