سندھ حکومت پی ٹی آئی کو ووٹ دینے پر کراچی کے لوگوں سے بدلہ لے رہی ہے،

پیپلزپارٹی صوبے میں اپنی بدعنوانی اور نااہلی کو چھپانے کیلئے وفاقی حکومت پر الزام تراشی کرتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی ترقی کیلئے خصوصی مالی پیکیج کا اعلان کیا ہے، وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 25 ستمبر 2020 19:34

سندھ حکومت پی ٹی آئی کو ووٹ دینے پر کراچی کے لوگوں سے بدلہ لے رہی ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2020ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کراچی کی خستہ حالت اور بدترین لوڈ شیڈنگ پر سندھ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ووٹ دینے پر لوگوں سے بدلہ لے رہی ہے، سندھ حکومت ہمیشہ اپنی بدعنوانی اور نااہلی کو چھپانے کیلئے وفاقی حکومت پر الزام تراشیاں کرتی ہے۔

جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت توانائی کے تحفظ کیلئے اقدامات متعارف کرائے ہیں اور اسی سلسلے میں توانائی کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے حال ہی میں ایک منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت صوبے کے 15 ہزار سکولوں میں سولر انرجی سسٹم نصب کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

زرتاج گل نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے گزشتہ 12 سالوں کے دوران صوبے میں بدترین گورننس اور ناقص منصوبہ بندی کا مظاہرہ کیا ہے، یہ سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت ہے جو میڈیا کی ہیڈلائن بننے کیلئے چیزوں کو اچھا کر کے پیش کر رہی ہے جبکہ عملی طور پر وہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ سندھ حکومت سے سوال کرنا ہمارا حق ہے، صوبائی حکومت بتائے کہ اس نے کھربوں ڈالرز فنڈز کہاں لگائے، پیپلزپارٹی اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے وفاقی حکومت پر الزام تراشی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے، وزیراعظم عمران خان شہر کی ترقی اور اس کی حالت کو بہتر کرنے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اسی حوالے سے انہوں نے خصوصی مالی پیکیج کا بھی اعلان کیا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں صرف ملک کی لوٹی ہوئی دولت کو تحفظ دینے کیلئے اکٹھی ہوئی ہیں، ان کے پاس عوام کیلئے کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ زرتاج گل نے کورونا بحران کے دوران وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان نے مقامی سطح پر تشخیصی کٹس اور وینٹی لیٹرز تیار کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ملک میں کورونا وائرس ٹیسٹ کی لاگت کو کم کرنے کیلئے کٹس اور وینٹی لیٹرز کے کمرشل استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں زرتاج گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ورچوئل اجلاس میں ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کے ایشو کو اٹھائیں گے۔ ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فیصل پریس کانفرنس کے دوران عوام کو ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔