حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خوف نہیں،آئینی مدت پوری کریں گے ،مخدوم شاہ محمودقریشی

ہفتہ 10 اکتوبر 2020 18:45

حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خوف نہیں،آئینی مدت پوری کریں گے ..
ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2020ء) : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت مک مکا کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ ایف اے ٹی ایف پر قانون سازی کے حوالے سے اپوزیشن سے 34نکات پر نشستیں ہوئیں۔ انکا خیال تھا ایف اے ٹی ایف کو ڈھال بنا کر مفاد لے سکتے ہیں۔ انہوں نے حتیٰ الامکان کوشش کی کہ مک مکاہو جائے۔

مایوس ہونے پر اپوزیشن نے اتحاد بنایا‘ اس اتحاد میں مختلف خیالات ‘ مختلف نظریات اور مختلف ایجنڈوں کے لوگ یکجا ہوئے جن کا مقصد احتساب کے عمل کو روکنا ہے۔ اپوزیشن کا اتحاد غیر فطری اتحاد ہے دیر پا دکھائی نہیں دیتا۔ حکومت کو اے پی سی سے کوئی ڈر نہیں۔اپوزیشن جلسے جلوس سیاسی عمل ہے ہمیں کوئی خوف نہیں۔ اپوزیشن جو مرضی کرلے حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم قائدین کو دیکھنا چاہئے کہ آئندہ دنوں میں کرونا کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر ان کے جلسوں و اجتماعات سے عوام کو کتنا نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156 کی یونین کونسل 38 اولڈ شجاع آباد روڈ ملتان میں ٹف ٹائل ‘ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے مختلف منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی ‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی ‘ ساجد نواز کھوکھر و اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

انہوں نے کہا اداروں پر تنقید کرنا ملکی مفاد میں نہیں۔دنیا بھر میں قومی اداروں پر کڑی تنقید پاکستان کے مخالف کر رہے ہیں آپ ہوا دیں گے تو یہ ملکی مفاد میں نہیں ہے۔یہ لوگ نادانی میں پاکستان کے مخالفین کو خوش کر رہے ہیں۔سیاسی عدم استحکام کی کوشش نہ کریں۔افراتفری کا فائدہ کس کو ہوگا۔ قومی ادارے اپنی حدود اور پاکستان کی فلاح کے لئے کام کر رہے ہیں۔

ہمیں اداروں کارکردگی پر ناز ہے اور افواج پاکستان پر فخر ہے۔ہم نے اپوزیشن کو کہا گلگت کے انتخابات کے لیے مل بیٹھ کر شفاف الیکشن کے لئے تجاویز لائیں لیکن انہوں نے انکار کردیا۔ انہوں نے کہاہمارے اقدامات کی بدولت کشمیر ایک خطے کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ بن چکاہے۔ بھارت نے پراپیگنڈا کیا اور ناکام رہا۔ ہم نے کشمیر کے مظلوموں کے حق خود ارادیت کو منوایا ہے۔

انہوں نے کہا مہنگائی کے ذمہ دار سابقہ حکومتیں ہیں۔ آج لوگ مہنگائی میں پس رہے ہیں کون کردار اسکے ذمہ دار ہیں۔پچھلے پانچ سال میں زراعت کی گروتھ کو تو دیکھ لیں۔گندم آور چینی کی کوئی قلت نہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہیں مافیاز کوعوام پر رحم کرنا چاہیے۔اپوزیشن مہنگائی کے حوالے سے مگر مچھ کے آنسو بہانا چھوڑ دیں۔انہوں نے کہا افغانستان میں امن کے حوالے سے امریکا پاکستان کے کردار کا معترف ہے۔ آذربائیجان میں امن کے حوالے سے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے۔\932