سرکاری ملازمین، ینگ ڈاکٹرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور پینشرز کامطالبات کے حق میں ڈی چوک پر دھرنا

جتنے معاہدہ ہو رہے ہیں وہ جعلی ہیں، ہم نے مزدور کو حصہ دیا، ہم پرانی پالیسیاں لے کر آئیں گے، راجہ پرویز اشرف حکومت سرکاری ملازمین کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرے، مظاہرین کا مطالبہ ، حکومت کی مذاکرات کی پیشکش

بدھ 14 اکتوبر 2020 23:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2020ء) ملک بھر سے سرکاری ملازمین، ینگ ڈاکٹرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور پینشرز نے مطالبات کے حق میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنا دیدیا او ر کہا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرے۔تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز اور لیڈی ہیلتھ وروکرزکااحتجاج روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریڈ زون پر جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگا ئے گئے اور کسی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تاہم ملک بھر سے سرکاری ملامین اور پینشرز مطالبات منوانے کیلئے اسلام آباد کے ڈی چوک پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور مطالبات کے حق میں دھرنا دیدیا ۔

دھرنے میں آل پاکستان ایمپلائیز پنشنرز لیبر تحریک کے ملازمیں بھی ریٹائرمنٹ عمر کی حد، پنشن میں کٹوتی سمیت دیگر پنشنرز سے متعلق ممکنہ فیصلوں کے خلاف سراپا ًاحتجاج ہیں۔

(جاری ہے)

مظاہرین بنیادی سروس اسٹرکچر کو بحال کرنے اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ کررہے تھے اور کہاکہ حکومت سرکاری ملازمین کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرے، ترقیاں، مناسب پنشن اور مساوی مراعات ملازمین کے حقوق ہیں۔

حکومت کی جانب سے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان اور سیکرٹری صحت اور احتجاجی ملازمیں مذاکرات شروع کردئیے گئے ہیں قبل ازیں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی سرکاری ملازمین کے دھرنے میں پہنچے۔ ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کا پروگرام بینظیر بھٹو نے شروع کیا تھا آج ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کے لئے سڑکوں پر نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جتنے معاہدہ ہو رہے ہیں وہ جعلی ہیں، ہم نے مزدور کو حصہ دیا، ہم پرانی پالیسیاں لے کر آئیں گے۔ مہنگائی کو آسمان پر پہنچا دیا اور مزدور کو زمین پر دھند دیا۔ پیپلز پارٹی آئے گی تو مزدوروں کو 30000 ہزار ماہانہ دیے جائیں گے۔ ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کریں گے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اگر نجکاری بند کرنے کا اعلان نہ کیا تو آپ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔

پی ٹی ڈی سی کے 400 لوگوں کو بے روزگار کیا گیا۔ سپیشل اسٹنٹس کی فوج بھرتی کی گئی۔ 16 کو مزدور کے حقوق کے لئے گجرانوالہ کے لیے جا رہے ہیں۔ آپ کے حقوق کے لیے 16 اکتوبر کو باہر نکلیں گے۔ پی ڈی ایم آپ کے ساتھ ہے۔پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد نے بھی احتجاج میں شرکت کی۔ رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ بھی احتجاج میں شریک ہوئے۔