ایک ماہ کے دوران ڈالر کی قدر میں 3 روپے سے زائد کی کمی

پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل بہتری کی وجہ سے کرنسی مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت 163 روپے کی سطح سے نیچے آگئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 17 اکتوبر 2020 20:55

ایک ماہ کے دوران ڈالر کی قدر میں 3 روپے سے زائد کی کمی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر2020ء) ایک ماہ کے دوران ڈالر کی قدر میں 3 روپے سے زائد کی کمی، پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل بہتری کی وجہ سے کرنسی مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت 163 روپے کی سطح سے نیچے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ملکی کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران امریکی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 3 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ کئی روز سے ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں کاروباری ہفتے کے دوران بھی ڈالر کی قیمت میں کمی کا رجحان برقرار رہا۔ بتایا گیا ہے کہ مقامی کرنسی مارکیٹوں میں کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر مزید کم ہوگئی اور انٹر بینک میں ڈالر 162.60روپے جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں163روپے ہوگئی ۔

(جاری ہے)

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 30پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید162.70روپے سے بڑھ کر162.40روپے اور قیمت فروخت40پیسے کی کمی سی163روپے سے گھٹ کر 162.60روپے ہوگئی۔ جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں30پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید192.90روپے سے گھٹ کر162.60روپے اور قیمت فروخت163.20روپے سے گھٹ کر163روپے ہوگئی ۔

ڈالر کے علاوہ دیگر کرنسیوں کی قیمت میں بھی کمی آئی ہے۔ دیگر کرنسیوں میں برطانوی پونڈ کی قیمت خرید50پیسے کی کمی209روپے سے گھٹ کر208.50روپے اور قیمت فروخت211روپے سے گھٹ کر210.50روپے ہوگئی۔ جبکہ یورو کی قیمت خرید20پیسے کے اضافے سی189روپے سے بڑھ کر189.20روپے اور قیمت فروخت191روپے سے بڑھ کر191.20روپے ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ توقع سے زائد ترسیلات زر موصول ہونے کی وجہ سے کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ جبکہ امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آ رہی ہے۔

حکومت کی جانب سے حال ہی میں بیرون ممالک پاکستانیوں کیلئے روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاونٹ متعارف کروایا گیا تھا۔ بیرون ممالک پاکستانیوں کی جانب سے اب بینکنگ چینلز کے ذریعے رقوم پاکستان بھیجی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے ناصرف ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، بلکہ ڈالر کی قیمت میں کمی بھی آ رہی ہے۔ واضح رہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کو ریکارڈ 7 ارب ڈالرز سے زائد ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں۔