Live Updates

کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری کے لیے سندھ پولیس پر شدید دباؤ کا انکشاف

مرادعلی شاہ نے تصدیق کی کہ سندھ پولیس پردباؤ ڈالا گیا جس کی وجہ سے اسٹنگ آپریشن کیا گیا، مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 اکتوبر 2020 11:24

کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری کے لیے سندھ پولیس پر شدید دباؤ کا انکشاف
کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 اکتوبر2020ء) مسلم لیگ ن کے رہنما سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ سے بات ہوئی، انہوں نے تصدیق کی ہے کہ سندھ پولیس پردباؤ ڈالا گیا اور دباؤ ڈال کراسٹنگ آپریشن کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ترجمان نے کہا کہ جس کمرے میں دروازہ توڑکرداخل ہوئے وہاں مریم نوازبھی موجود تھیں، کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی گرفتاری ریاستی دہشتگردی ہے، سابق گورنرہوں، لیکن مجھے بھی تھانے کے اندرجانے کی اجازت نہیں دی جارہی، جب کہ کارکنوں کو ہم نے روکا ہوا ہے، گرفتاری کا سیاسی ردعمل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن صفدرکیا مزارمیں اسلحہ لے کرگئے تھے؟ پولیس اتنی خوفزدہ ہے کہ تھانے کے دروازے بند کررکھے ہیں، کچھ دیرمیں تمام حقائق سامنے لائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کراچی میں قائد اعظم کے مزار کے تقدس کو پامال کرنے کے کیس میں کراچی پولیس نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا ، پولیس حکام کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کیپٹن صفدر کے خلاف مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ عزیز بھٹی میں رکھا گیا ہے ، جب کہ نوازشریف کے داماد محمد صفدر اعوان کو مزار قائد پر نعرے لگانے پر مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا اور مقدمے میں کیپٹن (ر) صفدر، مریم صفدر سمیت 200 لیگی کارکنان نامزد ہیں۔

دوسری طرف پیپلزپارٹی کے رہنما صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کو پی ڈی ایم میں خلیج ڈالنے کی سازش کا حصہ قرار دے دیا، تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے جو کیا وہ نامناسب تھا لیکن جس انداز میں کراچی پولیس نے گرفتاری کی وہ قابل مذمت ہے ، کیوں کہ کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی ، پولیس کا یہ اقدام پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات