بلاول بھٹو کو سندھ اسمبلی توڑنے کا مشورہ دے دیا گیا

زرداری اور بلاول بلوچ سندھی ہیں مریم انکی مہمان تھیں، غیرت کا تقاضا ہے کہ آج ہی سندھ اسمبلی توڑ کر حکومت چھوڑ دی جائے: سینئر صحافی

muhammad ali محمد علی پیر 19 اکتوبر 2020 22:14

بلاول بھٹو کو سندھ اسمبلی توڑنے کا مشورہ دے دیا گیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2020ء) سینئر صحافی کی جانب سے بلاول بھٹو کو سندھ اسمبلی توڑنے کا مشورہ دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی سلیم صافی کی جانب سے مزار قائد پر نعرے بازی کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کے معاملے پر ردعمل دیا گیا ہے۔

سلیم صافی نے واقعے کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ سندھ اسمبلی کو توڑ دیا جائے۔

سلیم صافی کا کہنا ہے کہ "زرداری اوربلاول بلوچ سندھی ہیں۔مریم انکی مہمان تھیں۔انکی حکومت میں انکےکمرے کاتوڑاجانا معمولی واقعہ نہیں۔سندھی اوربلوچ غیرت کاتقاضاہے کہ آج ہی سندھ اسمبلی توڑکرحکومت چھوڑدی جائے۔جب تک جعلی اسمبلیوں اور جعلی حکومتوں کا حصہ ہوگی ، تب تک اپوزیشن کو بھی جعلی سمجھا جائے گا"۔

(جاری ہے)

سلیم صافی کی جانب سے کیے جانے والے اس ٹوئٹ پر ایک اور سینئر صحافی کامران خان کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا:

کامران خان کا کہنا ہے کہ "سلیم صحافی ہی جیسے زیرک اور سینئر صحافی حالات کی اتنی بہترین عکاسی کرسکتے ہیں فیصلے کی گھڑی ہے بلاول بھٹو"۔ اس تمام معاملے کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ آئی جی کو سیکٹرکمانڈر کے دفتر لے جانے کی بات درست ہوئی تو ہمیں ڈی جی رینجرز کوناپسندیدہ قراردے کر واپس بھیجنا چاہیے، ایسا شخص جو چادر اور چادیواری کے تحفظ کے قانون اور آرٹیکل 14کی خلاف ورزی کرتا ہے، ہمیں سندھ میں قابل قبول نہیں ہے۔

  جبکہ
پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء نبیل گبول نے کہا ہے کہ ہم شرمندہ ہیں کہ ہماری مہمان کے ساتھ ایسے ہوا ہے۔آئی جی سندھ اگر اس طرح کا کوئی بھی ایکشن لیتے تو وزیراعلیٰ کو آگاہ کرتے۔آئی جی سندھ نے وزیراعلیٰ کو صورتحال سے آگاہ کیا کہ انہوں نے ایکشن لینے سے انکار کیا تھا۔ آئی جی سندھ نے وزیراعلیٰ کو کہا مجھے مجبور کیا گیا تھا۔آئی جی کو کس نے مجبور کیا یہ بات بلاول بتائیں گے۔