Live Updates

’نوازشریف نے کراچی میں تقریر نہیں کی، شاید ہم نے انگیج کرلیا ہو‘

ن لیگ کو پچھلے گناہوں کی معافی مانگنی ہو گی، اپوزیشن کی موجودہ تحریک کسی کے اشاروں پر چل رہی ہے ، معاون خصوصی ندیم افضل چن کی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل اکتوبر 11:49

’نوازشریف نے کراچی میں تقریر نہیں کی، شاید ہم نے انگیج کرلیا ہو‘
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2020ء) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں تقریر کی لیکن گزشتہ روز نہیں کی ، ہو سکتا ہے ہم نے انہیں انگیج کرلیا ہو، اداروں کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے ، اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں ، ہمارے ہی کچھ دوستوں نے اپوزیشن کے جلسوں کو زیادہ اہمیت دی۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک جتنی تحریکیں چلی ہیں وہ کسی نہ کسی کے اشارے پر چلی ہیں، موجودہ تحریک بھی کسی کے اشاروں پر ہی چل رہی ہے ، لیکن سیاسی لڑائی کو سیاسی طور پر لڑنا چاہیے ، جس کے لیے حکومت کو اپوزیشن کو انگیج کرنا ہوگا ، کیوں کہ جمہوری انداز میں آگے بڑھنا چاہیئے، تاہم ن لیگ کو پچھلے گناہوں کی معافی مانگنی ہو گی اور بتانا ہوگا کہ وہ کیسے ووٹ کو روندتے رہے ہیں ، ایک طرف اداروں پرحملہ کرتے ہیں دوسری طرف اداروں سے مدد بھی مانگتے ہیں ، اس لیے ن لیگ کے لوگ نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ نہیں چلیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سابق وزیراعظم و مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کل صبح طے ہو گیا تھا نوازشریف خطاب نہیں کریں گے، کیوں کہ یہ نوازشریف کا اپنا فیصلہ تھا کہ وہ تقریر نہیں کریں گے ، نوازشریف نے کہا تھا کہ آج مجھے خطاب کی ضرورت نہیں ہے ، نواز شریف نے کہا تھا کہ کوئٹہ جلسے میں خطاب کروں گا۔ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی ادارے کی حدود میں واقعہ پیش آیا ، وفاقی ادارے کی جانب سے کوئی درخواست نہیں دی گئی ، ایک شخص کی جانب سے کہا گیا میری دل آزاری ہوئی جس پر کارروائی کی گئی ، سندھ حکومت کہتی ہے ہمارا واقعے سے کوئی تعلق نہیں، یہاں دال میں بہت کچھ کالا ہے ، وفاقی حکومت کو جواب دینا پڑے گا ، وفاق صوبائی حکومت کے معاملات میں دخل اندازی کررہا ہے ، سندھ حکومت کو واقعے کی تحقیقات کرنی چاہیے۔

نواز شریف کی والدہ کا انتقال سے متعلق تازہ ترین معلومات