پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے بہترین فروغ کیلئے نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدانوں میں آنا ہو گا‘ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن

آرمی چیف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لئے پانچ کروڑ روپیہ دیا اور پانچ مختلف ہاکی گرائونڈز میں آسٹروٹرف لگانے کا یقین دلایا ، محمد خالد سجادکھوکھر

منگل 20 اکتوبر 2020 15:07

پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے بہترین فروغ کیلئے نوجوان نسل کو کھیلوں ..
کرمانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے بہترین فروغ کیلئے نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدانوں میں آنا ہو گا،کھیلوں کے میدان آباد ہونگے تو ملک سے بیماریوں کا خاتمہ بھی ممکن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر (ر)محمدخالد سجاد کھوکھرنے قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے سلسلہ میں ملک کے مختلف ڈویژن کے دورہ کے دوران اوکاڑہ کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما و ٹکٹ ہولڈر چوہدری سلیم صادق ،حاجی سیف الرحمان ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن، اولمپیئن محمد سرور صدر ہاکی ایسوسی ایشن ضلع اوکاڑہ سمیت دیگر سماجی و عوامی شخصیات بھی موجود تھیں۔ بریگیڈیئر (ر)محمدخالد سجاد کھوکھر نے بتایا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ قومی کھیل کی پرموشن کے سلسلہ کی جانے والی حالیہ ملاقات میں انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لئے پانچ کروڑ روپیہ دیا اور پانچ مختلف ہاکی گرائونڈز میں آسٹروٹرف لگانے کا یقین دلایا ۔

(جاری ہے)

صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر محمدخالد سجاد کھوکھرنے مزید بتایا کہ وزیر اعظم پاکستا ن عمران خان نے بھی قومی کھیل ہاکی کی ترقی کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور منسٹری آف سپورٹس کی میٹنگ کی اسکے علاوہ چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو ہدایت کی کہ وہ قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لئے اکیڈمی بنائیں۔ اس سے قبل پنجاب ہاکی فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکریٹری رائے عثمان کھرل نے صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر (ر)محمدخالد سجاد کھوکھرکااستقبال کیا ۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن اوکاڑہ سید اسلم شاہ نے صحافیوں کو صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دورے کا مقصد اور تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بریگیڈیئر (ر)محمدخالد سجاد کھوکھر ہاکی فیڈریشن پاکستان کے پہلے صدر ہیں جنھوں نے مختلف ڈویژنوں کا دورہ شروع کیا ہے جن میں سب سے پہلے لاہور ڈویژن ،ساہیوال ڈویژن سائوتھ پنجاب میں بہاولپور اور مختلف ڈویژن کے علاوہ سندھ میں سکھر، حیدرآباد اور کراچی میں جاکر ہاکی ایسوسی ایشز سے میٹنگز کریں گے اور قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لئے مختلف ڈویژنوں میں کھلاڑیوں کے لئے ہاکیاں تقسیم کریں گے ۔

آخر میں صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر نے ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن اوکاڑہ، ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن پاکپتن ،ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن ساہیوال کے صدور میں کھلاڑیوں کے لئے ہاکیاں تقسیم کیں۔