نیپرا نے پاور سیکٹر کی سٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ 2020 جاری کر دی، موجودہ نظام نقائص سے بھرپور قرار

منگل 20 اکتوبر 2020 19:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) نیپرا نے پاور سیکٹر کی سٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ 2020 جاری کر دی جس میں نیپرا نے بجلی کے موجود نظام کو نقائص سے بھرپور قرار دے دیا۔رپورٹ میں بجلی کمپنیوں کی وصولیوں میں کمی، مہنگی بجلی پیدا ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ نیپرا نے کہاکہ مالی سال 2019-20 میں وصولیوں کی شرح میں 1.48 فیصد کمی ہوئی، کورونا کی وجہ سے پاور سیکٹر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق پاور پلانٹس کو مکمل صلاحیت پر نہ چلانے سے مہنگی بجلی پیدا ہوئی، نیپرا نے بجلی کے ترسیلی نظام کو ایک بار پھر ناقص قرار دیدیا۔ نیپرا نے کہاکہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صارفین کا بجلی کمپنیوں پر اعتماد کم ہو رہا ہے، بجلی صارفین نیٹ میٹرنگ کی طرف راغب ہو رہے ہیں، نیپرا نے ملک میں بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے پر زور دیا ۔ نیپرا نے کہاکہ زیادہ ایفی شینسی والے پاور پلانٹس کو ترجیح دی جائے۔ نیپرا نے سفارش کی کہ پرانے پاور پلانٹس کو بند کر دیا جائے۔ نیپرا نے کہاکہ ایل این جی کی سپلائی چین کو بہتر کیا جائے، مہنگے پیداواری یونٹس کی جگہ سستی پیداوار کو ترجیح دی جائے۔