Live Updates

وفاقی حکومت سندھ کے جزائر پر قابض ہونے کی کوشش کررہی ہے،مرتضیٰ وہاب

سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں کمی نہیں کی جارہی ہے ۔پولیس کے غیرسیاسی ہونے کے حامی ہیں،میڈیا سے گفتگو

بدھ 21 اکتوبر 2020 17:02

وفاقی حکومت سندھ کے جزائر پر قابض ہونے کی کوشش کررہی ہے،مرتضیٰ وہاب
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے جزائر پر قابض ہونے کی کوشش کررہی ہے ۔صدارتی آرڈی ننس سندھ کے عوام کے خلاف ہے ۔پیپلزپارٹی آئین اور پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں کمی نہیں کی جارہی ہے ۔پولیس کے غیرسیاسی ہونے کے حامی ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے پچھلے 48گھنٹوں میں جوبیانات دیئے ہیں وہ ظاہرکرتے ہیں کہ پولیس کواستعمال کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔وہ منگل کو سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔انہوںنے کہا کہ گلشن اقبا ل میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے پولیس اور رینجرز حکام تحقیقات کررہے ہیں ۔ابتدائی تحقیقات میں لگ رہاہے کہ یہ گیس سلینڈر کا دھماکہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ آج سندھ اسمبلی میں تاریخی دن ہے۔سندھ کے عوام کے سامنے آج یہ عیاں ہوجائیگا کہ کون کون سی سیاسی جماعتیں سندھ کے عوام، مٹی اورجزیروں کے ساتھ کھڑاہے۔صدارتی آرڈیننس سندھ کے عوام کے خلاف ہے۔ماہی گیروں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ایوان میں پیپلزپارٹی ارکان اس بات کااظہارکریں گے کہ صدارتی آرڈیننس آئین کے آرٹیکل ایک 97,172اور239کے خلاف ہے۔

آج متحدہ کے نمائندوں کابھی امتحان ہے ۔دیکھتے ہیں کہ وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں یا عمران خان کے ساتھ ہیں ۔ہماری قرارداد ثبوت ہے کہ ہم آئین کی سربلندی پریقین رکھتے ہیں۔پی ٹی آئی اورمتحدہ وفاقی حکومت کاحصہ ہیں۔اسی حکومت نے غیرآئینی آرڈیننس جاری کیا ہے۔ہم عوام کے حقوق کوآئینی تحفظ فراہم کرنے والے تمام اقدامات اٹھائیں گے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے آئی جی سندھ اور چیف سیکرٹری دھمکیاں دی گئیں ۔

اس پولیس والے کو بھی دھمکیاں دی گئیں جو کہہ رہا تھا کہ میں قانونی کارروائی کرتا ہوں ۔انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ نے آئی جی سندھ کے گھر جاکر تمام کو چھٹی کی درخواستیں واپس لینے کی اپیل کی جو انہوںنے قبول کرلی ۔مرتضیٰ وہاب نے واضح کیا کہ رینجرز کے اختیارات میں کمی نہیں کی جارہی ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات