پی ڈی ایم کے زیر اہتمام 25اکتوبر کوئٹہ میں منعقد ہونیوالے جلسہ ’’پاکستان شہد ا جمہوریت ‘‘کے عنوان کے تحت منعقد کیا جارہا ہے،یوسف خان کاکڑ

بدھ 21 اکتوبر 2020 23:50

ڈ*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2020ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری عبدالرئوف لالا ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری یوسف خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیر اہتمام 25اکتوبر کوئٹہ میں منعقد ہونیوالے جلسہ ’’پاکستان شہد ا جمہوریت ‘‘کے عنوان کے تحت منعقد کیا جارہا ہے اس جلسے میں ملک کے شہدا جمہوریت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے 22کروڑ عوام پر مسلط سلیکٹڈ حکمرانوںسے نجات کیلئے ریفرنڈم ہوگا ۔

کراچی اور گوجرانوالہ کے عظیم الشان جلسوں کی کامیابی اور عوام کی کثیر تعداد میں شرکت سلیکٹڈ حکمرانوں سے بیزاری کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ بیروزگاروں کو روزگار دینے کی بجائے مختلف ادارو ں سے ملازمین کو برخاست کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

عوام پی ڈی ایم کے جلسے میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ پشتون باغ اول علاقائی یونٹ اور افغانیہ خروٹ آباد علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام اولسی جرگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جس سے علاقائی سینئر معاون سیکرٹری ادریس خان ، پشتونخوا ایس او کے علاقائی سیکرٹری پرویز اچکزئی ،ملک مراد خان ، عبداللہ جان اچکزئی، حاجی عبدالعزیز اچکزئی ،گران ابتدائی یونٹ کے اجلاس سے پرویز اچکزئی ،افغانیہ خروٹ آباد علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام اولسی جرگے سے علاقائی سیکرٹری اکبر خروٹی ،سینئر معاون عطاء ہمدرد، لاندی پشتون آباد علاقائی کمیٹی کا اجلاس سے ضلع ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر ، علاقائی سیکرٹری شکور افغان ،سینئر معاون سیکرٹری علی محمد ،عبدالرئوف خان سیگئی نے خطاب کیا۔

اور شیخان علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام کارنر میٹنگ سے علاقائی سینئر معاون سیکرٹری سابق کونسلر نیاز بڑیچ اور سعید خان نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ 25اکتوبر کوئٹہ کے جلسہ عام کیلئے پشتونخوامیپ کے عہدیداروں اور کارکنوں کی تیاریاں قابل تحسین ہے کارکن اپنی محنت ولگن سے جس انداز سے جلسے کی تیاریوں میں شب وروز مصروف ہے پارٹی کو اپنے کارکنوں پر فخر ہے جنہوں نے ہمیشہ ہر جمہوری تحریک میں پارٹی کی جانب سے دی جانیوالی ہدایات پر من وعن عمل کرتے ہوئے جلسے، جلوس ، ریلی کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور اپنے فرائض کو بخوبی سرانجام دیا ۔

مقررین نے کہا کہ پی ڈی ایم کے زیر اہتمام ملک بھر میں جلسوں کا مقصد ملک کے آئین پر اس کے روح کے مطابق عملدرآمد کرنے ، ملکی پارلیمنٹ کی خودمختاری وبالادستی ، حقیقی جمہوریت کے استحکام ، جمہورکی حکمرانی ، اٹھارویں آئینی ترمیم ا، این ایف سی ایوارڈ ،صوبائی خودمختاری کے خلاف سازشوں کے خاتمے ، ملک کے عوام پر مسلط کردہ ناکام نااہل سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے ملکی تاریخ کی بدترین مہنگائی ،بیروزگاری کے خلاف احتجاج اور سلیکٹڈ حکمرانوں سے عوام کو نجات دلانا ہے ۔

سلیکٹڈ حکمرانوں نے جس طرح صرف 2سال کے عرصے میں ملک کو بحرانوں میں دھکیلا اور عوام کو جس اذیت ناک صورتحال سے دوچار کیا ہے وہ اب مزید ناقابل برداشت ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 25اکتوبر کے جلسے میں دن 12بجے تک اپنی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ بروقت جلسے کاآغاز کیا جائیں اور جلسے میں آنیوالے مختلف سیاسی جمہوری جماعتوں اور پی ڈی ایم کے قائدین اپنی آواز اپنے عوام تک پہنچا سکیں