’وفاق میں بیٹھے لوگ عوام کی بات نہیں سنتے ، کٹھ پتلی نظام سے جمہوریت چھینیں گے‘

نااہل سلیکٹڈ حکومت نے پنجاب اور خیبر پختون خواہ کو تباہ کیا ، الیکشن کے بعد گلگت بلتستان میں بھی ہماری حکومت بنے گی ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 اکتوبر 2020 14:56

’وفاق میں بیٹھے لوگ عوام کی بات نہیں سنتے ، کٹھ پتلی نظام سے جمہوریت ..
اسکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگ فیصلے کرتے ہیں تو عوام کی بات نہیں سنتے ، نااہل سلیکٹڈ حکومت نے پنجاب اور خیبر پختون خواہ کو تباہ کیا ، لیکن ہم اس کٹھ پتلی نظام سے جمہوریت چھین کر رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے علاقے گھانچھے میں اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم نے گلگت بلتستان کو بچانا ہے، جس کے لیے ضروری ہے کہ گلگت کے عوام عمران خان کے یوٹرن اور پروپیگنڈہ پر یقین نہ کریں ، کیوں کہ وہ آپ کے نوجوانوں کو ایسے ہی تباہ کرے گا جیسے نوجوان ڈاکٹرز کے مستقبل کو تباہ کیا ، یہاں صرف انتخابات کے لیے نہیں آیا اور میں ایسا نہیں جو اپنے کیے ہوئے وعدے سے مکر جائے ، میں نے جو وعدہ سال 2018ء کے انتخابات کے موقع پر کیا تھا آج بھی وہی وعدہ ہے ، اسی کے تحت ہم نے صوبہ سندھ میں عوام بہترین صحت کی سہولیات دی ہیں ، جہاں سندھ کی ایک تحصیل میں جگر کی پیوندکاری کی مفت سہولت دی گئی ہے ، جس کے بعد صوبہ پنجاب اور دیگر صوبوں کے عوام اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ، سندھ کی طرح گلگت بلتستان میں بھی تعلیم اور صحت کی بہترین سہولت دیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پنے خطاب میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ عمران خن کی نااہل سلیکٹڈ حکومت نے پنجاب اور خیبر پختون خواہ کو تباہ کیا ، جس کے بعد اب یہ صوبہ سندھ پر بھی حملہ کر رہے ہیں لیکن ہم اس کٹھ پتلی حکومت سے جمہوریت کو بچائیں گے، الیکشن کے بعد گلگت بلتستان میں بھی ہماری حکومت بنے گی ، یہاں کی اسمبلی جو بھی قرارداد پاس کرے گی اس کو قومی اسمبلی سے بھی پاس کرائیں گے ، اور ہم اس کٹھ پتلی نظام سے جمہوریت چھین کر رہیں گے۔