کرنٹ اکائونٹ سرپلس ہونے کے بعد حکومت صنعتی شعبہ کی ترقی کیلئے اسے ریلیف دے

کرنٹ اکائونٹ خساہ ختم ہونے کے بعد کرنٹ اکائونٹ79کرو ڑ ڈالر سرپلس ہونا خوش آئند ہے : خادم حسین

جمعرات 22 اکتوبر 2020 21:06

کرنٹ اکائونٹ سرپلس ہونے کے بعد حکومت صنعتی شعبہ کی ترقی کیلئے اسے ریلیف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2020ء) تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ و ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی اس رپورٹ کو خوش آئند قرار دیا ہے جس کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک کا کرنٹ اکائونٹ79کرو ڑ ڈالر سرپلس رہا ۔

انہوںنے کہا کہ ملک کی آمدن زیادہ اور اخراجات کم ہونے یعنی کرنٹ اکائونٹ سرپلس ہونے کے بعد حکومت صنعتی شعبہ کی ترقی کیلئے اسے ریلیف دے اور اس کے پیداواری اخراجات میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

خادم حسین نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے صنعتی شعبے اور بالخصوص چھوٹی اور درمیانی صنعت کو بچانے کیے صنعتی شعبہ کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل تلاش کرنے اور انہیں سہولت فراہم کرنے کی ہدایات خوش آئند ہے وزیراعظم بھی اس بات سے آگاہ ہیں کہ مہنگی بجلی چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے اس لیے حکومت صنعتی شعبہ کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں واضح کمی لائے تاکہ پیداورای لاگت میں کمی سے اشیاء سستی اور برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملک میں اشیاء کی قیمتوں میں کمی لاکر ہوشربا مہنگائی کو ختم کیا جائے ۔