اپوزیشن کی تمام جماعتیں پی ڈی ایم کے ایجنڈہ کے مطابق اپنا کردار اد اکررہی ہیں، رانا تنویر حسین

کسی جماعت کا کوئی الگ بیانیہ نہیں، پی ڈی ایم صرف اور صرف نئے انتخا بات کا شفاف انعقاد چاہتی ہے اس کیلئے اگر چھ ماہ کیلئے نگران سیٹ اپ تشکیل دیدیا جائے جو نئے انتخابات کی راہ کو ہموارکرسکے مگر نواز لیگ خود اس سیٹ اپ کاحصہ نہیں بنے گی کراچی واقعہ میں وزیر اعظم کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اس واقعہ کی صرف تحقیقات ہی نہیں بلکہ حقائق بھی قوم کے سامنے لانے کی ضرورت ہے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہو کر موجودہ نااہل لائق و نہ تجربہ کار و غیر سنجیدہ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کررہی ہے جو اب ایک تحریک کی شکل اختیار کرچکی ہے، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 23 اکتوبر 2020 18:47

اپوزیشن کی تمام جماعتیں پی ڈی ایم کے ایجنڈہ کے مطابق اپنا کردار اد اکررہی ..
شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما و پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین ایم این اے رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں پی ڈی ایم کے ایجنڈہ کے مطابق اپنا کردار اد اکررہی ہیں کسی جماعت کا کوئی الگ بیانیہ نہیں ہے پی ڈی ایم صرف اور صرف نئے انتخا بات کا شفاف انعقاد چاہتی ہے اور اس کیلئے اگر چھ ماہ کیلئے نگران سیٹ اپ تشکیل دیدیا جائے جو نئے انتخابات کی راہ کو ہموارکرسکے مگر نواز لیگ خود اس سیٹ اپ کاحصہ نہیں بنے گی، کراچی واقعہ میں وزیر اعظم کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اس واقعہ کی صرف تحقیقات ہی نہیں بلکہ حقائق بھی قوم کے سامنے لانے کی ضرورت ہے، نواز لیگ قائد محمد نواز شریف اورصدر محمد شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہو کر موجودہ نااہل لائق و نہ تجربہ کار و غیر سنجیدہ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کررہی ہے جو اب ایک تحریک کی شکل اختیار کرچکی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے فارم ہاؤس پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ارکان اسمبلی پیر سید اشرف رسول، میاں عبدالرؤف، چوہدری محمود الحق شاہین اورچوہدری سجاد حیدر گجر بھی موجود تھے، رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ خود حکومت کے اقدامات ریاست کیلئے خطرہ اور سیاست کیلئے تباہ کن ثابت ہورہے ہیں موجودہ حکمرانوں کا اقتدار میں رہنا پاکستان کی مزید تذلیل، تنزلی اور بربادری و تباہی کے مترادف ہے، نیب کی طرف سے نواز شریف اور احسن اقبال کے خلاف حالیہ ریفرنسز کی منظوری وزیر اعظم عمران خان کی انتقامی پالیسی و نیب نیازی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، انہوں نے کہا کہ نواز لیگ واضح طور پر کہہ چکی ہے کہ وہ قومی اداروں کا احترام کرنے کے ساتھ ان سے کسی قسم کا کوئی تصادم یا ٹکراؤ نہیں چاہتی تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ریاستی ادارے اپنی آئینی حدود و قیود میں رہ کر کام کریں تو اس سے نہ صرف ریاستی ادارے مضبوط ہوں گے بلکہ جمہوریت کے استحکام اور معاشی ترقی میں بھی تیزی آئے گی، انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ اور کراچی کے کامیاب پاور شو کے بعد اب پی ڈی ایم اپنا اگلا پڑاؤ کوئٹہ میں ڈالے گی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اپوزیشن جماعتیں مکمل طور پر متحد اور یک نکاتی ایجنڈہ پر متحد ہیں۔