Live Updates

پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کا بیانیہ ایک نہیں ہے، پیپلزپارٹی تھوڑے دنوں بعد اس کا حصہ نہیں ہو گی،معاون خصوصی امور نوجواناں عثمان ڈار

پیر 26 اکتوبر 2020 02:00

پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کا بیانیہ ایک نہیں ہے، پیپلزپارٹی ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2020ء) : وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ بھارت ماضی میں بلوچستان میں دہشتگردی واقعات کروانے میں ملوث رہا ہے، ن لیگی قائدین نے اپنے خطابات میں مودی کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا صرف قومی اداروں کے خلاف بیان بازی کی ہے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل سیاسی جماعتوں کا بیانیہ ایک نہیں ہے، ان کے اہداف بھی مختلف ہیں، پیپلزپارٹی تھوڑے دنوں بعد اس کا حصہ نہیں ہو گی۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے کوئٹہ جلسے میں ووٹ کو عزت دینے کا جو ڈرامہ رچایا یہ سب ان کی آپس میں ہار جیت کا نتیجہ ہے، محمود خان اچکزئی کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار کے ہاتھوں شکست ہوئی جبکہ ن لیگ نو سیٹیں جے یو آئی ف کے امیدواروں سے ہاری ہے، صرف کوئٹہ میں قاسم خان سوری ن لیگ کے امیدوار کے خلاف فتح یاب ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

عثمان ڈار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں منفی اور منافقت کی سیاست کر رہی ہیں، ایک طرف ریلیف لینے کیلئے عسکری قیادت کے ساتھ خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں اور دوسری جانب ان پر سیاست میں مداخلت کا الزام لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے اور قومی مفادات کے معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں لیکن ان کے بدعنوان قائدین کے کیسز اور این آر او پر بات نہیں ہو سکتی۔

معاون خصوصی نے کہا قوم نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے، جو بھی لوگ قومی خزانے کو لوٹنے میں ملوث رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان ان کو کسی قسم کی رعایت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کے سامنے امریکہ سمیت دیگر ترقی یافتہ ممالک نے گھٹنے ٹیک دیئے تاہم اس وقت پوری دنیا وزیراعظم عمران خان کے مہلک وبا کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا رہی ہے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی ناقص معاشی پالیسیاں حالیہ مہنگائی کی ذمہ دار ہیں، وزیراعظم عمران خان مہنگائی میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چینی اور آٹے بحران میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کا بیانیہ ایک نہیں ہے، ن لیگ قومی اداروں پر جبکہ پیپلزپارٹی وزیراعظم عمران خان پر وار کر رہی ہے، بلاول بھٹو اسٹیج سے اتر کر اب وڈیو لنک خطاب پر آ گئے ہیں، تھوڑے دنوں بعد وہ مکمل طور پر پی ڈی ایم سے الگ ہو جائیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات