انگلینڈ کی جانب سے تاریخی دورہ پاکستان کیلیے غیر مقبول کھلاڑیوں کو پاکستان بھیجنے کا امکان

جنوری 2021 میں پاکستان کے ساتھ ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز آسٹریلوی کاؤنٹی سیزن بیگ بیش اور انگلینڈ کے دورہ سری لنکا کے ساتھ متصادم ہو سکتی ہے، اس صورتحال میں انگلینڈ اپنی ’’سی ٹیم‘‘ پاکستان بھیج سکتا ہے

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 27 اکتوبر 2020 00:54

انگلینڈ کی جانب سے  تاریخی دورہ پاکستان کیلیے غیر مقبول کھلاڑیوں کو ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر2020ء) برطانوی کرکٹ بورڈ نے جنوری 2021 میں دورہ پاکستان کے لیے غیر مقبول کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم پاکستان بھیجنے پر غور شروع کردیا ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق انگلینڈ نے پاکستان کے تاریخی دورے کے لیے جنوری میں اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنی ہے۔ جنوری 2021 میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سریز شیڈول ہے۔

لیکن جنوری 2021 میں پاکستان کے ساتھ ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز آسٹریلوی کاؤنٹی سیزن بیگ بیش اور انگلینڈ کے دورہ سری لنکا کے ساتھ متصادم ہو سکتی ہے۔ اس صورتحال میں انگلینڈ اپنی سی ٹیم یعنی کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم پاکستان بھیج سکتا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں کوئی سینیئر کھلاڑی شامل نہیں ہوگا۔ خبررساں ادارے کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ دورہ سری لنکا کے لیے ٹیسٹ ٹیم کی سیلیکشن پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہے، اور اس لیے دورہ سری لنکا کے لیے انگلینڈ کرکٹ بورڈ بہترین کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے پر غور کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اس صورتحال میں یہ امکان طاہر کیا جا رہا ہے کہ دورہ پاکستان کے لیے انگلینڈ کی سی ٹیم پاکستان بھیجی جا سکتی ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان کا اعلان ، کرونا وائرس کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے بعد کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کئی سینئر کھلاڑیوں نے بیگ بیش لیگ میں فرنچائزز سے معاہدے کر لیے ہیں جس کے بعد ان کی ٹیم کے لیے دستیابی ممکن نہیں ہو سکے گی جبکہ دوسری طرف دورہ سری لنکا کے لیے بہترین ٹیم بھیجے جانے کی صورت میں دورہ پاکستان کے لیے غیر مقبول کھلاڑی پاکستان بھیجے جاسکتے ہیں ۔