فیفا ورلڈ کپ 2026، میکسیکو میں سکیورٹی اداروں کی چاندی، غیر ملکی سیاحوں کے تحفظ کے لئے بکتر بند گاڑیاں کرائے پردستیاب

جمعہ 17 اکتوبر 2025 11:57

فیفا ورلڈ کپ 2026، میکسیکو میں سکیورٹی اداروں کی چاندی، غیر ملکی سیاحوں ..
میکسیکو سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفاکے زیر اہتمام فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی کے لیے تیار میکسیکو میں سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر سکیورٹی کمپنیوں کی چاندی ہو گئی ہے۔ غیر ملکی سیاحوں اور امیر مہمانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے بکتر بند گاڑیوں کی مانگ میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق سکیورٹی فرم (روہے )کے سربراہ لیوپولڈو سرڈیرا نے اپنی کمپنی کی تیار کردہ گاڑیوں کی مضبوطی اور بلٹ پروف کوالٹی کو ثابت کرنے کےلئے ایک مظاہرے کے دوران کار کے دروازے پر گولیاں چلا کر اس کی مضبوطی دکھائی۔ مظاہرے میں گولیاں ایک مضبوط تہہ سے ٹکرا کر رک گئیں، جس سے ظاہر ہوا کہ ان گاڑیوں کو سکیورٹی کے اعتبار سے کس قدر مضبوط تیار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لیوپولڈو ڈیراکا کہنا تھا کہ ہماری بکنگز ان سیاحوں کے لئے ہیں جن کے پاس دولت ہے اور وہ جو فیفا ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے آ رہے ہیں، لیکن انہیں میکسیکو کے بارے میں منفی خبریں سن کر خوف لاحق ہے۔ ہم انہیں مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔روہے کے پاس اس وقت 70 سے زائد بکتر بند گاڑیوں کا بیڑا موجود ہے، جنہیں آئندہ سال جون سے جولائی کے دوران کرائے پر فراہم کیا جائے گا، جب میکسیکو، امریکا اور کینیڈا مشترکہ طور پر 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔

میکسیکو میں بڑھتے ہوئے جرائم اور تشدد کے خدشات کے باعث کئی غیر ملکی شائقین نے پہلے ہی سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سکیورٹی کمپنیاں نہ صرف بکتر بند گاڑیاں فراہم کر رہی ہیں بلکہ تربیت یافتہ پرائیویٹ گارڈز کی خدمات بھی پیش کر رہی ہیں۔ورلڈ کپ جیسے عالمی ایونٹ کی آمد نے جہاں سیاحت، ہوٹلنگ اور دیگر صنعتوں کو فائدہ پہنچایا ہے، وہیں نجی سکیورٹی سیکٹر بھی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے۔