پاکستان سے دُبئی جانے والوں کو کورونا پی سی آر کے 2 ٹیسٹ کروانے ہوں گے

پاکستان، بھارت، افغانستان سمیت کئی ممالک کے باشندوں کو دُبئی روانگی سے قبل اور دُبئی پہنچنے کے بعد ٹیسٹ کروانا لازمی ہو گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 اکتوبر 2020 10:19

پاکستان سے دُبئی جانے والوں کو کورونا پی سی آر کے 2 ٹیسٹ کروانے ہوں گے
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27 اکتوبر2020ء) دُبئی کی حکومت نے دُنیا کے مختلف ممالک کے مسافرو ں کے لیے دو الگ الگ کیٹگریز کا اعلان کر دیا ہے۔ ایمریٹس ایئر لائنز کے مطابق پاکستان سے دُبئی جانے والوں کو 2 بار کورونا کا ٹیسٹ کروانا ہو گا۔ پہلی بار انہیں انہیں اپنے وطن کی رجسٹرڈ لیبارٹری سے ٹیسٹ کرواناہوگا جبکہ دُبئی پہنچنے کے بعد بھی ان کا ایک اور پی سی آر ٹیسٹ ہو گا۔

ایمریٹس ایئر کے مطابق پاکستان، افغانستان، انگولا، ارجنٹائن، بنگلہ دیش، کمبوڈیا، چلی، کوٹے ڈی آئیوری، کروشیا، قبرص، چیک ری پبلک، جبوتی، مصر، اری ٹیریا، جارجیا، گھانا، یونان، گنی، ہنگری، بھارت، ایران، عراق، اسرائیل مصر، کینیا، لبنان، مالٹا، مالدووا، مانٹی نیگرو، مراکش، میانمر، فلپائن، رومانیہ، رشیا، روانڈا، سینیگال، سلواکیہ، صومالی لینڈ، ساؤتھ سوڈان، سوڈان، شام، تاجکستان، تنزانیہ، تیونس، ترکمانستان، یوگنڈا، یوکرائن، امریکا (کیلی فورنیا، فلوریڈا، ٹیکساس) ازبکستان، ویتنام، زیمبیا اور زمبابوے سے آنے والے غیر ملکیوں کو کورونا کے دو پی سی آر ٹیسٹ کروانے ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان ممالک کے باشندے پہلا ٹیسٹ وطن میں کروائیں گے جس کی نیگیٹو رپورٹ ملنے کے بعد 96 گھنٹوں کے اندر اندر دُبئی کا سفر کرنا لازمی ہو گاجبکہ ان کا دُوسرا پی سی آر ٹیسٹ دُبئی پہنچنے کے فوراً بعد لیا جائے گا۔ دو بار ٹیسٹ کی یہ پابندی سیاحتی اور وزٹ ویزہ ہولڈرزدونوں پر عائد ہوگی۔پاکستان سے دُبئی ایئرپورٹ پر رُکنے والے ٹرانزٹ مسافروں کے لیے بھی سفر سے قبل کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ حاصل کرنے کے بعد 96 گھنٹوں کے اندر سفر کرنا لازمی ہو گا۔

 
ایمریٹس کے مطابق سعودی عرب، بحرین، آسٹریلیا، آسٹریا، آذربائیجان، بلجیم، بوسنیا ہرزیگوینا، برازیل، کینیڈا، چین، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، برطانیہ، تھائی لینڈ، سپین، ساؤتھ افریقہ، عمان، نیوزی لینڈ، نیدر لینڈ، ملائشیا، کویت، جاپا ن اور ماریشس سمیت کئی ممالک کے باشندو ں کو دُبئی آنے کے لیے صرف ایک بار پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہو گا۔

ان ممالک کے باشندے سفر سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کروا کے اس کی نیگیٹو رپورٹ حاصل کر کے 96 گھنٹوں کے اندر اندر سفر کر سکتے ہیں، یا پھر دُبئی پہنچنے پر کورونا کا پی سی آر ٹیسٹ کروا سکتے ہیں ۔ 
کورونا ٹیسٹ کے نیگیٹو سرٹیفکیٹ صرف پرنٹ کی صورت میں قابل قبول ہوں گے انگریزی یا عربی زبان میں رپورٹ لکھی ہو۔ واضح رہے کہ دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پاکستان سے دبئی کا سفر کرنے والے مسافروں کیلئے نئی سفری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اب سے دبئی جانے والے کسی بھی پاکستانی مسافر کی جانب سے 2 نجی لیبز چغتائی اور اسلام آباد ڈائیگناسٹک سینٹر سے کروائے گئے کرونا پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ قبول نہیں کی جائے گی۔ دبئی جانے والے ہر مسافر کو درج بالا پاکستانی لیبز کے علاوہ دیگر رجسٹرڈ لیبز سے پی سی آر ٹیسٹ کرونا ہوگا، اور دبئی پہنچنے پر اس ٹیسٹ کی رپورٹ جمع کروانا ہوگی۔ کوئی بھی ایسا مسافر جس کے باعث قابل قبول کرونا ٹیسٹ رپورٹ نہ ہوئی، اسے دبئی داخلے کی اجازت نہیں ملے گی۔ دبئی حکام کے اس فیصلے کا اطلاق پیر 26 اکتوبر سے کر دیا گیا ہے۔