حضور ﷺ کی آمد مرحبا ‘ جشن عیدمیلادالنبیﷺ ‘شہرقمقموںسے جگمگااٹھا‘چراغاں اور درودو سلام کی صدائوں سے ماحول روحانی و وجدانی بن گیا

مرکزی سیرت کمیٹی کے ذمہ داران کا شہر کا دورہ‘ چہلہ بانڈی،گھڑی پن دومیل،طارق آباد،گوجرہ،چھتر بینک سکوائر،نلوچھی،شوکت لائن،المصطفیٰ چوک نیلم پل،بیلہ نورشاہ،تھوری،امبور،سنڈھ گلی سمیت شہرکے تمام حصوں میں خوبصورت چراغاں

منگل 27 اکتوبر 2020 14:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) حضور ﷺ کی آمد مرحبا ‘ جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے سلسلہ میں چراغاں و سجاوٹ‘ شہرقمقموںسے جگمگااٹھا، چہلہ بانڈی،گھڑی پن دومیل،طارق آباد،گوجرہ،شوکت لائن،چھتر بینک سکوائر،نلوچھی،المصطفیٰ چوک نیلم پل،بیلہ نورشاہ،تھوری،امبور،سنڈھ گلی سمیت شہرکے تمام حصوں میں خوبصورت چراغاں اور بازاروں میں چراغاں اور درودو سلام کی صدائوں سے ماحول روحانی و وجدانی بن گیا،مرکزی سیرت کمیٹی کے ذمہ داران کا شہر کا دورہ،تاجربرادی سمیت مختلف تنظیم ہا اہلسنت کے ذمہ داران و اکابرین سے ملاقاتیں،میلادالنبیﷺ کی محافل،گیارہ ربیع الاول کی ’’مرکزی میلادالنبی ﷺریلی‘‘ اور دیگر امورپر مشاورت کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضا،میاں عتیق جھاگوی،اظہرحسین اعوان،،سفیررضا،محمدرفیق کیانی، محمدعلی کیانی،واجد شاکر،قاضی مجیب احمد،صغیر احمدرضاودیگر ذمہ داران نے شہرومضافات میں جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے سلسلہ میں چراغاں و سجاوٹ کا اہتمام کرنے پر تاجربرادری کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے کہاکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی خوشی میں اپنے گھروں،بازاروں اور گلی محلوں کو روشن کرنے والے اللہ کی رحمت سے محروم نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

میلادالنبیﷺ منانادرحقیقت اللہ رب العالمین کے حضور عظیم المرتبت نبی ء مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیسی نعمت عظمیٰ اور اس عظیم ہستی کی امت میں شامل کرنے پر اظہار تشکر کرناہے۔انہوںنے مختلف مقامات پر تاجر رہنمائوںاور دیگر تنظیموں نے ذمہ داران سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میلادالنبیﷺ کا دوسرا بڑامقصد نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعظیم و توقیر،عظمت و شان اور آپ کی کل عالمین پر فوقیت کا اظہارکرناہے۔

میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کا ایک اور مقصد عالم کفرکو یہ باور کراناہے کہ مسلم امہ تاجدار کائنات فخر موجودات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حرمت پر مر مٹنے کے لئے تیار ہے۔سیکرٹری جنرل مرکزی سیرت کمیٹی عتیق احمدرضانے کہاہے کہ حضور سرورعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمداللہ رب العالمین کا‘ کائنات پرسب سے بڑا احسان ہے۔

انہوںنے کہاکہ مسلم امہ مکین گنبدخضریٰ کے پرچم تلے متحدہوجائے دنیاو آخرت میں سرخروئی ان کا مقدربن جائے گی یہی میلادالنبیﷺ کا پیغام ہے۔ انہوںنے کہاکہ نبی مکرم شفیع معظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس دنیا میں جلوہ گری سے کائنات کی ظلمتیں دور ہوگئیں اور ہر طرف نور کی روشنی پھیل گئی۔ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے والے خوش نصیب ہیں کہ خود نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہر پیر کے دن روزہ رکھ کر اپنی اس دنیا میں آمد کی خوشی پر اللہ کے حضور اظہار تشکر فرمایااور روزہ رکھنے کے عمل کی وجہ بھی بیان فرمادی کہ’’اس روز میری ولادت ہوئی تھی‘‘۔

انہوںنے کہاکہ میلادالنبیﷺ منانے والے شرک و بدعات سے دور ہیں،بلکہ یہ عمل اس بات کا اظہار ہے کہ اللہ کریم پیداہونے اور پیدا کرنے کے عمل سے پاک ہے جبکہ نبی ء مکرم کی ولادت کا تذکرہ کرکے آنیوالی نسلوں کو یہ پیغام دیاجاتاہے کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے بندے اور اس کے محبوب رسول ہیں جو پوری کائنات سے افضل و اعلیٰ ہیں ۔

اللہ کریم نے اپنی شان کے لائق اپنی ذات عالی کے بعد اپنے اسی احبیب مکر م صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بلند مرتبہ عطا فرمایاہے،کائنات میں ہمارے نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت و شان کی برابری کوئی بھی نہیں کرسکتا،پیکر بشری میں جلوہ افروزہونیوالی اسی عظیم ہستی نے ظلمات میں ڈوبے ہوئے انسانوں کو اللہ رب العالمین کی ذات عالی صفات کا عرفان اور راہ ِ ہدائت کا نور عطافرمایاہے۔

انہوںنے تمام طبقہ زندگی کے افراد سے کہاکہ وہ اپنے اپنے اندازسے نبی اکرم ،شفیع معظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت پر خوشی کا اظہار کریں۔انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ اس ماہ مبارک میں د رودو سلام کی کثرت کریں ،درودو سلام اللہ کریم کا پسندیدہ عمل ہے جو بارگاہ ایزدی میں مقبول ہوتاہے۔درودوسلام ہی وہ واحد عمل ہے جس میں خود رب العالمین بھی اپنے سارے ملائکہ اور کل جن و انساں کے ساتھ شریک ہوتاہے۔

متعلقہ عنوان :