پشاور میں بی آر ٹی بس گدھا گاڑی سے ٹکرا گئی

گدھا گاڑی اچانک بی آر ٹی بس کے سامنے آ گئی تھی، عملہ اور مسافر محفوظ رہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 30 اکتوبر 2020 16:53

پشاور میں بی آر ٹی بس گدھا گاڑی سے ٹکرا گئی
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اکتوبر2020ء) خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں بی آر ٹی بس گدھا گاڑی سے ٹکرا گئی۔ یہ واقعہ حیات آباد فیڈر روڈ پر پیش آیا۔ٹرانسپورٹ پشاور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گدھا گاڑی اچانک بی آر ٹی بس کے سامنے آ گئی تھی جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا تاہم بس عملہ اور مسافر محفوظ رہے ہیں۔یہاں پر واضح ہو کہ جب سے بی آر ٹی بس کا افتتاح ہوا ہے تب سے یہ کسی نہ کسی مسئلے کا شکار رہی ہے۔

کبھی بس خراب ہو جاتی ہے تو کبھی بس میں آگ بھڑک اٹھتی ہے چند روز قبل بھی بی آر ٹی کی بس میں آتشزدگی کا واقعہ حیات آباد کر علاقے میں پیش آیا تھا جہاں بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ ریسکیو ذرائع نے بتایا تھا کہ ریسکیو 1122کی طرف سے کی گئی فوری کارروائی کے نتیجے میں آگ پر فوری قابو پا لیا گیا تاہم آتشزدگی کے واقعے میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کی حکومت کی طرف سے حال ہی میں شروع کی گئی بی آر ٹی بس سروس مختلف فنی خرابیوں کا شکار ہونے لگی ہے ، جہاں چند روز قبل بھی بی آر ٹی کی ایک بس تہکال اسٹیشن کے قریب خراب ہوگئی تھی ، جہاں ٹریک پر رواں دواں بس اچانک تہکال اسٹیشن کے قریب پہنچ کر رُک گئی تھی جس کے بعد حکام کی طرف سے کافی تگ و دو کے بعد بھی بس میں ہونے والی فنی خرابی کا پتا نہ چل سکا اور بعد ازاں تمام مسافروں کو وہیں پر اتارنا پڑا جبکہ 2,3 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بس وہیں پہ خراب کھڑی رہی ۔

جبکہ اس سے قبل بھی بی آر ٹی پشاور کی ایک بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی ، آگ لگنے کا وہ واقعہ بھی حیات آباد اسٹیشن پر پیش آیا، ریسکیو 1122 نے آگ پر بروقت قابو پا لیا ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ بی آر ٹی کے مرکزی روٹ پر واقع حیات آباد اسٹیشن پر کھڑی بس میں آگ بھڑک اٹھی ، آگ بس کی چھت پر لگی۔ بس پر آگ لگنے کے بعد جلد ہی ریسکیو 1122 سروس کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ، ریسکیو 1122 اہلکاروں نے بس کی چھت پر لگی آگ پر بروقت قابو پا لیا۔ واقعے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔