Live Updates

بھارت میں فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث آلودہ ہوائیں پاکستان میں داخل ہونا شروع ہوگئیں

شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت، موٹرسائیکل سوار ماسک پہنیں، گاڑیوں کے شیشے اوپر رکھیں۔ گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں، سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 20 اکتوبر 2025 19:03

بھارت میں فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث آلودہ ہوائیں پاکستان میں داخل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 20 اکتوبر2025ء) بھارت میں دیوالی کے تہوار کے موقع پر آتش بازی اور فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث، بھارت کی مختلف ریاستوں سے آلودہ ہوائیں پاکستان میں داخل ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ پنجاب حکومت نے فضا میں آلودگی کے خدشات کے پیش نظر پیشگی خصوصی اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق، نئی دہلی، چندی گڑھ، گورداسپور، لدھیانہ، پٹیالہ اور ہریانہ کی سمت سے 4 سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان کی طرف آ رہی ہیں۔

اسی طرح جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر بھی بھارت کے شہروں سورت گڑھ، بیکانیر، جودھپور اور جے پور سے آنے والی فضائی آلودگی سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب سموگ مانیٹرنگ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق، لاہور کا فضائی معیار (AQI) آج 210 سے 230 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ صبح اور رات کے اوقات میں آلودگی کی شدت میں اضافہ جبکہ دوپہر 1 سے 5 بجے کے درمیان معمولی بہتری متوقع ہے۔

ہوا کی کم رفتار (1 تا 8 کلومیٹر فی گھنٹہ) اور بارش نہ ہونے کے باعث مضر ذرات فضا میں معلق رہیں گے۔پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر دیوالی کے دوران فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر انسدادِ سموگ اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔گزشتہ رات سے ٹھوکر نیاز بیگ، جی ٹی روڈ شاہدرہ، ملتان روڈ، راوی پل، اپر مال، نشتر کالونی، اور علامہ اقبال ٹاؤن کریم بلاک سمیت مختلف علاقوں میں اینٹی سموگ گنز متحرک ہیں۔

واسا، ایل ڈی اے، ضلعی و میونسپل ادارے فجر سے قبل پانی کے چھڑکاؤ، کوڑا کرکٹ اور تعمیراتی مواد کے انتظامات یقینی بنا رہے ہیں، جبکہ فصلوں کی باقیات جلانے پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔ شہریوں کو درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ موٹر سائیکل سوار ماسک کا لازمی استعمال کریں۔ گاڑیوں کے شیشے اوپر رکھیں۔ گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں۔

تعمیراتی مقامات پر سامان کو ڈھانپنا یقینی بنائیں۔فضائی آلودگی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ پنجاب سموگ مانیٹرنگ سینٹر نے شہریوں کے لیے حفاظتی ایڈوائزری بھی جاری کی ہے، جس کے مطابق بچے، بزرگ اور سانس کے مریض گھر سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ سموگ اور فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت نے ہنگامی اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ ماحولیاتی ایس او پیز پر مکمل عمل کریں تاکہ فضا کو بہتر اور صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سموگ سے بچاؤ اور کمی کے لیے ہر شہری کا تعاون بڑی تبدیلی اور کامیابی کی بنیاد بنتا ہے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات