بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی اور علاج کی سہولیات سے روشناس کرانے کےلئے ضروری ہے کہ جامعات کی سطح پر جامع پروگرام شروع کیا جائے، پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 16:43

بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی اور علاج کی سہولیات سے روشناس کرانے کےلئے ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2020ء) خواتین کو بریسٹ کینسر کے جان لیوا مرض سے تحفظ فراہم کرنے کےلئے جڑواں شہروں کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، ماہرین اور سینیئر فیکلٹی ممبران کی مشاورتی کانفرنس راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے اولڈ کیمپس ٹیپو روڈ، راولپنڈی میں منعقد ہوئی، قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی، کنوینئر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے اس موقع پر کہا کہ بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی اور علاج کی سہولیات سے روشناس کرانے کےلئے ضروری ہے کہ جامعات کی سطح پر جامع پروگرام شروع کیا جائے، ڈاکٹر محمد علی نے کہا کے مربوط کاوشوں سے بریسٹ کینسر پر قابو پانے میں مدد ملے گی، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی وائس چانسلر ڈاکٹر صائمہ حامد میں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیوں کے بانی اشتراک سے بریسٹ کینسر کی آگاہی اور اس کی مناسب تشہیر سے مرض کو ابتدائی سطح پر روکا جا سکتا ہے اور عوامی آگہی کی کاوشوں سے خواتین اس موذی مرض سے تحفظ پاسکتی ہیں، نوری ہسپتال کے ماہر سرجن پروفیسر محمد فہیم نے بتایا کہ نوری ہسپتال میں کینسر کا بہترین علاج ہورہا ہے اور اس سلسلے میں تربیتی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر تنویر خالق، قائد اعظم یونیورسٹی کی ڈاکٹر رانی فریال، راولپنڈی یونیورسٹی کی پروفیسر سیدہ ثمامہ اور پروفیسر ادریس، بے نظیر بھٹو ہسپتال کے ڈاکٹر نعیم ضیا، ہولی فیملی ہسپتال کے ڈاکٹر جہانگیر سرور اور ڈاکٹر زاہد منہاس نے اس موقع پر بریسٹ کینسر کی روک تھام کے حوالے سے مثبت تجاویز پیش کیں اور کہا کہ اجتماعی کوششوں سے اس مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔