بلوچستان بورڈ صوبے کے غریب طلباوطالبات کو سہولیات فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے، چیئرمین بلوچستان بورڈآف سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ پروفیسر محمد یوسف بلوچ

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 17:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2020ء) چیئرمین بلوچستان بورڈآف سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ پروفیسر محمد یوسف بلوچ نے کہاہے کہ بلوچستان بورڈ صوبے کے غریب طلباوطالبات کو سہولیات فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں،ان خیالات کااظہارانہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ کے مختلف امتحانی سینٹروں کے دورے کے دوران طلباوطالبات سے بات چیت کرتے ہوئے کیا’چیئرمین بلوچستان بورڈ پروفیسر محمد یوسف بلوچ نے کہا کہ گذشتہ دو سالوں سے مہنگائی اور دیگر اخراجات کے باوجود کسی بھی فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا،رجسٹریشن فیس،امتحانی فیس کے تاریخوں میں توسیع ،عمر کی حد میں رعایت ،بی فارم جس کی وجہ سے والدین پریشان تھے اس سال کرونا کی وجہ سے بی فارم کی شرط کا خاتمہ میٹر ک اور انٹر کے امتحانات میں ایس او پی پر عمل درآمد اور صوبے کے طلباءوطالبات کے مستقبل کو مدنظر رکھ کر نقل کے خاتمے کے لیے عملی جدوجہد کو تیز کرنا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نقل جیسے ناسور کومعاشرے سے ختم کرنے کے لیے حکومت ،اساتذہ کرام،والدین اور تعلیم یافتہ افراد کی تعاون کی اشد ضرورت ہوگی تاکہ ہم اپنے مستقبل کے ہونہاروں کو صحیح علم حاصل کرواکر ملک اور صوبے کے قابل افراد کا تحفہ دے سکیں،اس دوران انہوں نے طلباءوطالبات میں ماسک بھی تقسیم کیے ۔