حبیب بنک ورکرز فرنٹ آف پاکستان47واں یوم تاسیس سادگی کے ساتھ منایا

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 17:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2020ء) پاکستان کی بنکنگ انڈسٹری کی تاریخ ساز یونین "حبیب بنک ورکرز فرنٹ آف پاکستان(سی بی ای) اپنا 47واں یوم تاسیس کراچی سمیت ملک کے چاروں صوبوں کے اہم شہروں میں میں کورونا وائرس کی وبائی بیماری کے خطرہ کے پیش نظر انتہائی سادگی سے مگر جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔مرکزی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سرپرست اعلی ، پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر ، سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی تھے۔

کیک کٹنگ کی رسم کی ادائیگی کے بعد شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ ورکرز فرنٹ کے قیام کی تکمیل کے 47 سال درحقیقت ملک میں سرمایہ دارانہ استحصالی نظام کے خلاف جدوجہد کی 47 سالہ تاریخ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنکنگ انڈسٹری کے محنت کشوں نے نہ صرف یہ کہ مزدور تحریک کی اپنے خون سے آبیاری کی بلکہ بحالی جمہوریت کی تحریک میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ پرائیویٹائزیشن کے بعد ملک کے سب سے بڑے اور قدیم تجارتی بنک میں ملازمین کے حقوق کا بدتریں استحصال کیا جارہا ہے،کارکنان سے نان اسٹاپ بنکنگ ککے نام پر 12 12 گھنٹہ یومیہ ڈیوٹی لی جارہی ہے، سی بی اے یونین کے عہدیداروں پر ملازمین سے رابطہ کرنے کی سہولت کو ختم کردیا گیا ہے،سی بی اے یونین کے تقریبا تمام ہی دفاتر بند اور منتخب یونین کو کئی دہائیوں سے حاصل تمام مراعات کو ختم اور Union Activity پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین بنک سے امر مطلع جنرل ضیا الحق کے بدترین دور میں بھی محنت کشوں کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا اور آج ایک مرتبہ پھر ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ موجودہ سرمایہ دارانہ نظام اور بنکس پر قابض پرائیویٹ سیکٹر انتظامیہ کے خلاف کامیابی کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔یوم تاسیس کی تقریب سے ورکرز فرنٹ کے صدر حاجی محمد یعقوب،سابق چیئرپرسن سیدہ نادرہ پروین، ذوالفقار احمد تنولی ، جمال نیاز ، اظہر پٹھان ، شاہد سلطان ، محمد عاصم اسلم ، غلام مصطفی ، شکیل بلوچ ، محمد شاہد ، عثمان شیخ اور محمد ابراہیم نے بھی خطاب کیا