ایاز صادق پر افسوس ،اُنکی وضاحت’’عذر گناہ،بد تراز گناہ‘‘کے مترادف ہے‘عبدالعلیم خان

بھارت نوازی اور مودی کی خوشنودی کیلئے بیانات پر غداری کا مقدمہ اور عبرتناک سزا بنتی ہے

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 20:45

ایاز صادق پر افسوس ،اُنکی وضاحت’’عذر گناہ،بد تراز گناہ‘‘کے مترادف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2020ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ بھارت نوازی اور مودی کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ایاز صادق کا بیان ملک دشمنی ہی نہیں آئین سے غداری کے مترادف بھی ہے اور ایسے بیانات پر اُن کے خلاف بغاوت کا مقدمہ اور عبرتناک سزا بنتی ہے جبکہ اپنی پریس کانفرنس میں ایاز صادق کی کی گئی وضاحت افسوسناک اور ’’عذر گناہ،بد تر از گناہ‘‘کے مترادف ہے جسے غیور عوام ہر گز قبول نہیں کریں گے ۔

اپنے بیان میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر افواج کے ہاتھوں ہونے والی عبرتناک شکست اور جگ ہنسائی پر کل تک دنیا سے منہ چھپانے والا مودی ’’ایاز میر صادق‘‘کے بیانات کے بعد خوشیاں منا رہا ہے اور ثابت ہو گیا ہے کہ ایاز صادق کے ہوتے ہوئے میر جعفر اور میر صادق جیسے غداروں کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگنے کی بجائے ایاز صادق کی ڈھٹائی بے غیرتی کی حد تک پہنچ گئی ہے ،قوم ایسے عناصر کا اصل چہرہ پہچان چکی ہے اور وہ ان ملک دشمنوں کی وضاحت کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ایاز صادق اور اُس کی پارٹی اقتدار کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے لیکن کوئی کسی بھول میں نہ رہے ، پاکستان سے محبت ہم سب کے ایمان کا حصہ ہے اور اسی طرح اپنی نڈر افواج کی قدر بھی پاکستانیوں کے دل میں کوٹ کوٹ کر بھری ہے اور ان جوانوں پر بچہ بچہ اپنی جانیں نچھاور کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز لیگیوں کو بھارت نوازی اور مودی کی خوشنودی بہت مہنگی پڑے گی ، ایاز صادق عوام کے رد عمل سے ڈریں انہیں کہیں پناہ نہیں ملے گی ۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ اقتدار کی ہوس میں ایاز صادق اور اُن کی پارٹی ملک بیچنے تک جا سکتے ہیں اسی لیے آج ہر پاکستانی یہ مطالبہ کر رہا ہے کہ ملک اور فوج دشمن بیانات پر ایاز صادق کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے اور اسے قرار واقعی سزا دی جائے۔