اسٹاک مارکیٹ گذشتہ ہفتے شدید ترین کاروباری اتار چڑھائو کی زد میں رہی

کے ایس ای100انڈیکس 1300پوائنٹس گھٹ گیا جبکہ مجموعی انڈیکس 41ہزار پوائنٹس سے کم ہو کر39ہزار پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 21:09

اسٹاک مارکیٹ گذشتہ ہفتے شدید ترین کاروباری اتار چڑھائو کی زد میں رہی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2020ء) پاکستان اسٹاک مارکیٹ گذشتہ ہفتے شدید ترین کاروباری اتار چڑھائو کی زد میں رہی جس کی وجہ سے کے ایس ای100انڈیکس 1300پوائنٹس گھٹ گیا جبکہ مجموعی انڈیکس 41ہزار پوائنٹس سے کم ہو کر39ہزار پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 246ارب روپے ڈوب گئے جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 76کھرب روپے سے گھٹ کر73کھرب روپے رہ گیا ،مندی کے سبب 61فیصد حصص کی قیمتیں بھی گر گئیں۔

حکومت پاکستان کی جانب سے جشن میلادالنبیؐکے موقع پر عام تعطیل کے اعلان کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں 4دن تک محدود رہیں۔مارکیٹ میں3دن کی بدترین مندی کے سبب انڈیکس 1962.47پوائنٹس لوز کر گیا جبکہ1دن کی تیزی سے انڈیکس نی584.47پوائنٹس ریکور کئے تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ میں مندی کے اثرات غالب رہے ۔

(جاری ہے)

اسٹاک ماہرین کے مطابق ایف اے ٹی ایف کی پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرا ررکھنے کے اقدام پر سرمایہ کاروں کا اطمینان ،اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے آئی پی پیز کے واجبات کی ادائیگیوں کیلئے فنڈز جاری کرنے کی منظوری اور صنعتوں کیلئے پاور ٹیرف میں کمیں جیسے عوامل نے اسٹاک مارکیٹ کو پہلے دن سہارا دیا جس کیوجہ سے انڈیکس 584.47پوائنٹس بڑھ گیاتاہم آئی ایف ایم قرض پروگرام جاری رکھنے کیلئے سخت شرائط اور پشاور میں ہونیوالی دہشت گردی ،ٹیکس اصلاحات کے لئے عالمی بینک کی جانب سی400ملین ڈالر کے قرضوں کے اجراء کا معاملہ مشکوک ہونے ،عالمی سطح پر کورونا وباء کی دوسری لہر سے بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹ میں مندی ،خام تیل کی عالمی قیمتوں میں6فیصد تک کمی اور پاکستان میں دوبارہ لاک ڈائون شروع ہونے جیسی خبروں پر سرمایہ کار تذبذب کا شکار رہے جس کی بناء پر انہوں نے فروخت کو ترجیح دی ان عوامل کی وجہ سے انڈیکس 1962.47پوائنٹس لوز کر گیا تھا ۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے دوران کے ایس ای100انڈیکس میں 1378پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں انڈیکس41266.00پوائنٹس سے گھٹ کر39888.00پوائنٹس ہو گیا اسی طرح630.91پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 17381.28پوائنٹس سے کم ہو کر16750.37پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس29118.26پوائنٹس سے کم ہو کر28185.56پوائنٹس ہو گیا۔کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 2کھرب46ارب94کروڑ14لاکھ 20ہزار163روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 76کھرب46ارب57کروڑ6لاکھ1ہزار471روپے سے کم ہو کر73کھرب 99ارب62کروڑٖ91لاکھ 81ہزار308روپے رہ گیا ۔

گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس ایک موقع پر41927.68پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کے سب انڈیکس39283.22پوائنٹس کی پست سطح پر بھی دیکھا گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ20ارب روپے مالیت کی54کروڑ17لاکھ 79ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم 15ارب روپے مالیت کے 36کروڑ84لاکھ23ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر1674کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سی606کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،1014میں کمی اور54کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحا ظ سے یونٹی فوڈزز لمیٹڈ ،پاور سیمنٹ ،فوجی فرٹیلائزر بن قاسم ،پاک انٹر نیشنل بلک ،میپل لیف ،فوجی سیمنٹ ،فوجی فوڈز لمیٹڈ ،پاک ریفائنری ،پاک الیکٹرون ،حیسکول پیٹرول،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،عائشہ اسٹیل مل ،حب پاور کمپنی ،کوٹ ادو پاور ،شبیر ٹائلز اور کے الیکٹرک سر فہرست رہے ۔