’صرف 10 گرام چرس پینے کی اجازت دی جائے‘ شہری عدالت پہنچ گیا

دنیا کے بیشتر ممالک میں چرس پینے کی اجازت ہے ، اس سے ملک کی آمدن بڑھے گی اور ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا ، شہری کا موقف ۔۔ یہ آپ کیسی درخواست لے کر آئے ہیں؟ آپ چاہتے ہیں سب لوگ چرس پینا شروع کردیں؟ آپ کو چرس پینا ہے تو ان ممالک چلے جائیں ، سندھ ہائیکورٹ کا جواب

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 6 نومبر 2020 11:14

’صرف 10 گرام چرس پینے کی اجازت دی جائے‘ شہری عدالت پہنچ گیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 نومبر2020ء) کراچی میں واقع سندھ ہائیکورٹ میں اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب ایک شہری اس لیے عدالت پہنچا کہ پاکستان میں 10 گرام چرس پینے کی اجازت دی جائے ، درخواست میں وزارت قانون ، وفاق اور دیگرکو فریق بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پاکستان میں صرف 10گرام چرس پینے کی اجازت دے دی جائے ، کیوں کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں چرس پینے کی اجازت ہے ، اس سے ملک کی آمدن بڑھے گی اور پاکستان کے ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

اس کے جواب میں عدالت نے شہری کی درخواست ناصرف مسترد کردی بلکہ عدالت کی طرف سے درخواست گزار پر اظہار برہمی بھی کیا گیا ، اس موقع پر اپنے ریمارکس میں جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ یہ آپ کیسی درخواست لے کر آئے ہیں؟ آپ چاہتے ہیں سب لوگ چرس پینا شروع کردیں؟ آپ کو چرس پینا ہے تو ان ممالک چلے جائیں ، لیکن یہاں اس کی اجازت نہیں دی جائے گی ، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ بتائیں آپ پر کتنا جرم عائد کی کیا جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کے سابق فاسٹ بائولر سرفراز نواز نے موجودہ وزیراعظم اور سابق کپتان عمران خان پر بڑا الزام لگادیا، سرفراز نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان بطور کرکٹر کوکین کا استعمال کرتے تھے ، ایک انٹرویو میں 71 سالہ سرفراز نواز نے 1987ء میں انگلینڈ اور پاکستان کے مابین کھیلے گئے ایک میچ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مقابلے میں عمران خان نے اچھی بائولنگ نہیں کی جس کے بعد عمران خان اسلام آباد میں ان کے گھر آئے اور کھانے کے دوران ڈرگز کا استعمال کیا ، عمران خان نے 10،20 روپےکے نوٹ میں کوکین ڈال کر اس کا استعمال کیا اور بھنگ کو سُکھا کر اس کی چرس بنائی ، ان کے ساتھ میرے گھر پر محسن خان، عبدالقادر اور سلیم ملک بھی تھے۔