ملک میں صحتیاب ہونے والے مریض کو دوسری مرتبہ کرونا ہونے کا پہلا کیس سامنے آگیا

ایوب میڈیکل کالج حکام کے مطابق 41 سالہ سرکاری ملازم میں صحتیاب ہونے کے 4 ماہ بعد دوبارہ مہلک وبا کی تشخیص ہوئی، مریض کے جسم میں اینٹی باڈیز ختم ہو چکی تھیں

muhammad ali محمد علی اتوار 15 نومبر 2020 00:02

ملک میں صحتیاب ہونے والے مریض کو دوسری مرتبہ کرونا ہونے کا پہلا کیس ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبار۔تازہ ترین۔ 14 نومبر2020ء) ملک میں صحتیاب ہونے والے مریض کو دوسری مرتبہ کرونا ہونے کا پہلا کیس سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کی دوسری لہر ہر گزرتے دن کیساتھ خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔ یومیہ بنیاد پر رپورٹ ہونے والے کرونا کیسز کی شرح کئی ماہ کی بلند ترین سطح پر ہے، جبکہ اب ملک میں کرونا کے صحتیاب مریض کو دوبارہ کرونا ہونے کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔

خیبرپختونخواہ کے ایوب میڈیکل کالج حکام کے مطابق 41 سالہ سرکاری ملازم میں صحتیاب ہونے کے 4 ماہ بعد دوبارہ مہلک وبا کی تشخیص ہوئی، مریض کے جسم میں اینٹی باڈیز ختم ہو چکی تھیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اس مریض کو جون میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد ہسپتال داخل کیا گیا تھا جہاں کچھ روز زیر علاج رہنے کے بعد اس نے ملک وبا کو شکست دے دی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم اب جب دوبارہ اس شخص کو ہسپتال لایا گیا تو ٹیسٹ کرنے پر مریض میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ مریض کی شناخت کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ ایوب میڈیکل کالج ریسرچرز کا کہنا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں یہ پہلا ڈاکومینٹڈ ری انفیکشن کا کیس ہے، جو سامنے آیا ہے اور جسے ہم نے باقاعدہ طور تحقیقی مقالے کی شکل دی ہے۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں عالمی وباء کا شکار فعال مریضوں کی تعداد 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ، یہ تعداد 24 ہزار 938 بتائی گئی ہے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی پاکستان میں مزید 2 ہزار 165 نئے مریض سامنے آگئے جب کہ ایک دن میں 17اموات ہوئیں جس کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا وائرس سے جن کی بازی ہارنے والوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار 109 تک پہنچ چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں عالمی وباء کی وجہ سے اب تک مجموعی طور پر کورونا کے 3 لاکھ 52 ہزار296 کیسز رپورٹ ہوئے ، جن میں سے اس وقت فعال کیسز کی تعداد 24 ہزار 938 ہے ، صوبہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 9 ہزار 309 ہوچکی ہے ، جہاں اب تک 2 ہزار 462 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں ، صوبہ سندھ میں کورونا متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں 1لاکھ 53 ہزار 873 افراد اس وائرس کا شکار ہوئے جن میں سے اب تک 2 ہزار 722 افراد چل بسے۔

این سی او سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صوبہ خیبرپختون خوا میں کورونا سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 41 ہزار 723 ہوچکی ہے ، جب کہ صوبے میں ایک ہزار 305 افراد کی موت واقع ہوئی ، صوبہ بلوچستان میں کورونا کے اب تک 16 ہزار 328 مریض سامنے آئے ، جن میں سے 155 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔ این سی او سی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجموعی طورپر کیسوں کی تعداد 23 ہزار 533 بتائی گئی ہے ، جہاں مرنے والوں کی تعداد 253 ہے ، گلگت بلتستان میں اب تک 5 ہزار 261 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ، جن میں سے 93 افراد جان کی بازی ہار گئے ، آزاد جموں و کشمیرمیں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 5 ہزار139 ہے ، جن میں 119 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔