لاہور پولیس نے قبضہ مافیا گروہ کے سرغنہ منشا بم کے چار بیٹوں کو گرفتار کر لیا

منشا بم اور اس کے بیٹوں کے خلاف مختلف تھانوں میں 70 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ پولیس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 16 نومبر 2020 11:17

لاہور پولیس نے قبضہ مافیا گروہ کے سرغنہ منشا بم کے چار بیٹوں کو گرفتار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 نومبر 2020ء) : لاہور پولیس نے قبضہ مافیا کے سرغنہ منشا بم کے چار بیٹوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے قبضہ مافیا کے سرغنہ منشا بم کے چار بیٹوں کو گرفتار کر لیا جبکہ منشا بم خود فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ۔ اس حوالے سے سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا کہنا تھا کہ پولیس کی کارروائی میں ملزمان کے قبضے سے جدید اسلحہ آٹو ،ہٹک گنز اور پسٹلز برآمد ہوئیں۔

منشا بم اور اس کے بیٹوں نے شریف شہریوں کی زندگیاں اجیرن کی ہوئی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشا بم اور اس کے بیٹوں کے خلاف مختلف تھانوں میں ستر مقدمات درج ہیں۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی وی چینل کو دئے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ دو سال اپنے بہنوئی کی لاہور میں واقعہ زمین قبضہ گروپ سے نہیں چھڑوا سکے جس کے بعد انہوں نے یہ کام سرانجام دینے کے لیے عمر شیخ کو سی سی پی او لاہور تعینات کیا جنہوں نے اس کام کو بخوبی انجام دیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کے اس بیان پر نہ صرف عمران خان بلکہ سی سی پی او لاہور عمر شیخ پر بھی کافی تنقید کی گئی اور کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے بہنوئی کی زمین تو قبضہ مافیا کے چُنگل سے چُھڑوالی لیکن اُن ہزاروں معصوم لوگوں کا کیا ؟ جن کی زمینوں پر قبضہ مافیا نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں اور وہ اس سلسلے میں کچھ نہیں کر پا رہے کیونکہ اُن کا نہ تو کوئی سیاسی اثر و رسوخ ہے اور نہ ہی کسی تھانے میں اُن کی کوئی شنوائی ہوتی ہے۔

یہی نہیں سی سی پی او عمر شیخ کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے یہی کہا گیا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے بہنوئی کی زمین تو قبضہ مافیا سے چُھڑوالی لیکن انہیں عام شہریوں کے مسائل پر بھی توجہ دینی چاہئیے کیونکہ اُن کا کوئی پُرسان حال نہیں ہے ۔ جس کے بعد اب لاہور پولیس کی جانب سے قبضہ مافیا کے سرغنہ اور دہشت کی علامت سمجھے جانے والے منشا بم کے بیٹوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اُمید کی جا رہی ہے کہ پولیس جلد ہی مفرور منشا بم کو بھی گرفتار کر لے گی۔ منشا بم کے بیٹوں کی گرفتاری اور اس پر سی سی پی او عمر شیخ کا بیان عام شہریوں کے لیے ایک اُمید ہے کہ شاید اب ان کے مسائل کا حل نکلے گا اور پولیس قبضہ مافیا سے ان کی جان چُھڑوانے میں کوئی خاطر خواہ اقدام کرے گی۔