وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ میں ردوبدل کردیا

وزیرقانون راجہ بشارت سے محکمہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال کاقلمدان واپس، انہیں وزارت قانون کے ساتھ محکمہ کوآپریٹو کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 21 نومبر 2020 19:16

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ میں ردوبدل کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 نومبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ میں ردوبدل کردیا ہے، وزیرقانون راجہ بشارت سے محکمہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال کا قلمدان واپس لے لیا گیا، جبکہ وزارت قانون کے ساتھ محکمہ کوآپریٹو کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کابینہ میں وزیر قانون راجہ بشارت کی وزارتوں میں ردوبدل کیا ہے ، جس کے تحت راجہ بشارت سے دو محکموں جن میں محکمہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال کے قلمدان واپس لے لیے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ انہیں اس کی جگہ محکمہ کوآپریٹو کی اضافی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ راجہ بشارت کے پاس وزارت قانون اور کوآپریٹو کا قلمدان رہے گا۔ اس سے قبل کوآپریٹو کی وزارت مہر محمد اسلم کے پاس تھی، لیکن وزیراعلیٰ نے ان سے وزارت واپس لے لی تھی جبکہ جیل خانہ جات کی وزارت زوارحسین وڑائچ واپس لی گئی تھی۔ اسی طرح فیاض الحسن چوہان سے وزیر اطلاعات و ثقافت کا قلمدان واپس لے کر فردو س عاشق اعوان کو ذمہ داری سونپ دی گئی تھی۔ جبکہ فیاض الحسن چوہان کو صوبائی وزیر جیل خانہ جات بنا دیا ہے۔