عوام سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمدکرتے ہوئے علاقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ،میر نصیب اللہ خان مری

کوہلو میں گیس سلنڈر دھماکے میں بچوں کی ہلاکت افسوسناک ، ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ملکر اقدامات اٹھانے ہونگے، سابق وزیر

ہفتہ 21 نومبر 2020 22:33

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2020ء) سابق صوبائی وزیرورکن بلوچستان اسمبلی میر نصیب اللہ خان مری نے کہا ہے کہ الیکشن کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمدکرتے ہوئے علاقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں جو زمین پر نظرآرہے ہیں ،کوہلو میں گیس سلنڈر دھماکے میں بچوں کی ہلاکت افسوسناک ہے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ہمیں ملکر اقدامات اٹھانے ہونگے۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوہلو میں ملاقات کرنے والے قبائلی عمائدین اور مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ ہم نے انتخابات کے دوران عوام سے جو وعدے کئے تھے ان پر عملدرآمدکرتے ہوئے کوہلو اورگردونواح میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں زمین پر نظر آرہے ہیں جس کی ماضی میں کوئی نظیرنہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کو انشاء اللہ مایوس نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے وزیراعظم اور حکومت پر جھوٹے الزامات لگارہی ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کر رہی ہے اور میرٹ پر عوام کو روزگار فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کوہلو میں گزشتہ دنوں گیس سلنڈر دھماکے میں بچوں کی ہلاکت اورزخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ملکر اقدامات اٹھانے ہونگے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا تدار ک ہوسکے۔