فیصل آباد بورڈ کےانٹرمیڈیٹ سپیشل امتحان کے نتائج کا اعلان،

کل11486 طلبا وطالبات میں سے 2077 پاس ہوئے، کامیابی کا تناسب 18.08 فیصد رہا

جمعرات 26 نومبر 2020 13:23

فیصل آباد بورڈ کےانٹرمیڈیٹ سپیشل امتحان کے نتائج کا اعلان،
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2020ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے جمعرات کے روز انٹرمیڈیٹ کے سپیشل امتحان2020 کے نتائج کا اعلان کردیاہے جس میں کل11486 طلبا وطالبات میں سے صرف 2077 پاس ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 18.08 فیصد رہا۔سپیشل امتحان ( کوویڈ ۔19) انٹرمیڈیٹ سال 2020 کے نتائج کے اعلان کے موقع پرسادہ و پروقار تقریب چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین کے آفس میں منعقد ہوئی جس میں کنٹرولر امتحانات مسز شہناز علوی،پی آر او بورڈ تیمور سہیل خان لودھی و دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

حکومت پنجاب کی ہدایات و چیئرمین پی بی سی سی کے فیصلہ کے مطابق طے شدہ وقت کے مطابق چیئرپرسن بورڈ پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین اور کنٹرولر امتحانات مسز شہناز علوی نے بٹن دبا کر نتائج کو آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائٹ www.bisefsd.edu.pk پر بھی اپ لوڈ ہو گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کنٹرولر امتحانات مسز شہناز علوی نے بتایا کہ سپیشل امتحان انٹرمیڈیٹ سال 2020 میں کل 13821طلباوطالبات کے داخلہ فارم موصول ہوئے تاہم ان میں سے 11486 طلبا طالبات نے امتحان دیا جن میں سے 2077 طلباوطالبات پاس ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 18.08 فیصد رہا۔

اس موقع پر چیئرپرسن بورڈ پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین نے بتایا کہ طلبا وطالبات کے وسیع تر مفاداور ان کے شاندار مستقبل کے پیش نظر نتائج انتہائی شفاف،احتیاط اور بھرپور توجہ کے بعد اغلاط سے مبرا مرتب کئے گئے ہیں جن میں انشاء اللہ غلطی کا کوئی امکان موجود نہیں تاہم پھر بھی ایسے طلباوطالبات جو اپنے نتائج سے مطمئن نہ ہوں وہ نتائج آنے کے بعد سے 15 دن کے اندر ری چیکنگ کیلئے درخواست دے کر اپنا پیپر خود چیک کر کے تسلی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ طلبا وطالبات کے مابین نمبروں کی دوڑ کے خاتمے اور ان کے اندر نالج کی بہتری کیلئے حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں رزلٹ کارڈ میں نمبروں کے ساتھ گریڈنگ سسٹم کوبھی شامل کیا گیا ہے تاکہ چند نمبرز کی کمی کے باعث بچوں کی جو ذہنی کیفیت ہوتی تھی وہ اس سے باہر نکل کر صرف نالج پر بھرپور توجہ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ پرسنٹائل رزلٹ کی وجہ سے عام حالات میں کمزور اور نالائق سمجھے جانے والے بچوں کا بھی معاشرے کے ہونہار اور لائق طالب علموں میں شمار ہو گا جوبلاشبہ حکومت پنجاب کاایک مستحسن اقدام ہے جس سے طلبا وطالبات کا مستقبل انشاء اللہ تعالیٰ نہ صرف مزید محفوظ وتابناک ہو جائے گا بلکہ ان کے اندر تعلیم کے حصول کا جذبہ بھی مزید پروان چڑھنے میں ممدومعاون ثابت ہو گا۔