وفاقی کابینہ کی 13 افراد کے نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی منظوری

10 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بھی منظوری، رہنماء پیپلزپارٹی اعجاز جاکھرانی، ایم کیوایم کے راؤف صدیقی اب بیرون ملک سفر کرسکیں گے۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 28 نومبر 2020 16:18

وفاقی کابینہ کی 13 افراد کے نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی منظوری
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 نومبر2020ء) وفاقی کابینہ نے 13افراد کے نام ای سی ایل سے خارج کرنے اور 10 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے، رہنماء پیپلزپارٹی اعجاز جاکھرانی، ایم کیوایم کے راؤف صدیقی اب بیرون ملک سفر کرسکیں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے نے مزید 13 افراد کے نام ای سی ایل سے خارج کرنے جبکہ 10ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ کی جانب سے پیپلزپارٹی کے رہنماء اعجاز جاکھرانی، ایم کیوایم کے راؤف صدیقی، اسی طرح محمد یحیٰ ، شاہد جبار، محبوب الرحمان، نعمان، عبداللہ ، عیسیٰ چیمہ سمیت 13 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اداروں نے ان افراد کے خلاف اپنی تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔

(جاری ہے)

ان افراد کے نام عدالتی احکامات پر ای سی ایل سے نکالے گئے ہیں۔

ان افراد کے نام ای سی ایل سے نکلنے کے بعد یہ سب بیرون ملک سفر کرسکیں گے۔اسی طرح سمیع اللہ ، جنید اختر اور منصور قادر، جمال حسین سمیت 10 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ ان میں تین ملزمان سمیع اللہ ، جنید اختر اور منصور قادرسادہ لوح عوام سے فراڈ کرنے پر نیب کو مطلوب ہیں۔جبکہ ملزم جمال حسین پر براہمداغ بگٹی سے پیسے لے کر دہشتگردوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کا الزام ہے۔

مزید برآں  وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر ڈاکٹر بیرسٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کا اجلاس، اسلام آباد میں ہوا جس میں 2 آرڈیننسزکی منظوری دی گئی۔ ان آرڈیننسزکی وفاقی کابینہ پہلے ہی اصولی منظوری دے چکی ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں قانونی سازی کے حوالے سے اہم موقع ہے کہ جب خواتین  لڑکیوں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے قانون سازی کےلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔