گورنرسندھ عمران اسماعیل نے فیڈرل بی ایریا میں پارک کا افتتاح کردیا

ہفتہ 28 نومبر 2020 19:37

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے فیڈرل بی ایریا میں پارک کا افتتاح کردیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے فیڈرل بی ایریا میں تزئین شدہ حاجی رحمت اللہ عید گاہ پارک کا افتتاح کیا رکن قومی اسمبلی اسلم خان ، اراکین صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان ، عمر اوماری اور ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی بھی اس موقع پر موجود تھے۔گورنر سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانا چاہتے ہیں ،کراچی پیکج شہر قائد کے مسائل حل کرنے میں اہم ثابت ہوگا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے پرعزم ہیں یہی وجہ ہے کہ کراچی کے لئے اتنی خطیر رقم پر مبنی کراچی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ یہ بات سب پر واضح ہے کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا کیونکہ ملک کے معاشی حب کو ترقی دئیے بغیر پاکستان کو خوشحال بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم نے تمام اراکین اسمبلی کو اپنے حلقوں میں کام کرنے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔گورنر سندھ نے کچرا کنڈی میں تبدیل پارک کو بحال کرنے پر اسلم خان کو مبارکباد دی گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پارک کی بحالی میں علاقہ کی کمیونٹی کی شمولیت خوش آئند ہے،اب انہیں اس کی مکمل دیکھ بھال بھی کرنا ہوگی رکن قومی اسمبلی اسلم خان نے پارک کے افتتاح کے لئے آمد پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 4 ایسے ہی پارک تیار ہو چکے ہیں جبکہ مزید پارکوں پر کام جاری ہے۔ بانٹوا ٹائون میمن کمیٹی کے عہدے داروں نے گورنر سندھ کی علاقہ میں آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کمیٹی کی کارکردگی سے انہیں آگاہ کیا۔ عہدے داروں نے پارک کے قیام میں ذاتی دلچسپی پر رکن قومی اسمبلی اسلم خان کا بھی شکریہ ادا کیا اور بانٹوا ٹائون میمن کمیٹی کی خدمات پر روشنی ڈالی۔