اپوزیشن کے نام نہاد لیڈرز شاہانہ زندگی بسر کر رہے جبکہ عوام کو غریب تر بنا دیا، عمران خان

یہ عوام کی زندگی اور تحفظ کا خیال کیے بغیر جلسے کرنا چاہتے ہیں۔ یہ این آر او کے لیے دباؤ کو آخری ذریعہ سمجھتے ہیں جو کبھی نہیں ہو گا، وزیراعظم کا ٹوئٹ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 29 نومبر 2020 15:57

اپوزیشن کے نام نہاد لیڈرز شاہانہ زندگی بسر کر رہے جبکہ عوام کو غریب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 نومبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر صرف اپنے این آر اور کی فکر میں ہیں اور عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ اپنے خاندانوں کے لیے لوٹی دولت بچانا ان کا واحد مایوس کن مقصد ہے۔ ہم نے غریبوں اور معیشت کو تباہی سے بچانے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاوَن کیا تھا لیکن انہوں نے اسمارٹ لاک ڈاوَن کی مخالفت کی اور ان رہنماوَں نے مکمل لاک ڈاوَن کا مطالبہ کیا تھا لیکن اب دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے تو یہ جلسے کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت کورونا جیسی صورتحال کا سامنا ہے لیکن سیاسی قیادت عام شہریوں کو درپیش مشکلات کو سمجھنے سے قاصر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت نےعام شہریوں کی بہتری کے لیے کسی بھی اہم کام میں حصہ نہیں لیا اور اب کورونا میں ہمارا مقابلہ ایسی سیاسی قیادت سے ہے جو جمہوری جدوجہد سے نہیں گزرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عوام کی زندگی اور تحفظ کا خیال کیے بغیر جلسے کرنا چاہتے ہیں۔ یہ این آر او کے لیے دباؤ کو آخری ذریعہ سمجھتے ہیں جو کبھی نہیں ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ ان کو عوام کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں ہے اور انہوں نے قومی دولت لوٹ کر عوام کو مزید غریب بنا دیا ہے۔ اپوزیشن کے نام نہاد لیڈرز شاہانہ زندگی بسر کر رہے ہیں۔