محمد عامر نے مجھے کہا تم لوگ ہماری جوتی کے نیچے ہو اور وہیں رہو گے:افغان کرکٹر نوین الحق کا دعوی

میں ہمیشہ نصیحت لینے ،عزت دینے کیلئے تیار ہوں،کرکٹ ایک جینٹل مین گیم ہے لیکن کوئی آپکو یہ کہے کہ تم لوگ ہماری جوتی کے نیچے ہو اور وہیں رہوگے تو وہ نہ صرف میری بلکہ میرے لوگوں کی بھی بات کررہا ہوتا ہے:فاسٹ بائولر کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 2 دسمبر 2020 13:06

محمد عامر نے مجھے کہا تم لوگ ہماری جوتی کے نیچے ہو اور وہیں رہو گے:افغان ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2دسمبر 2020ء ) لنکن پریمیئر لیگ کے دوران قومی کرکٹر محمد عامر سے تلخ کلامی کرنے والے افغان کرکٹر نوین الحق نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان فاسٹ بائولر نے ان کی قوم کے بارے میں توہین آمیز الفاظ استعمال کیے تھے۔ قومی کرکٹر محمد عامر سے تلخ کلامی کا واقعہ سری لنکا میں جاری لنکن پریمیئر لیگ کے دوران اس وقت پیش آیا جب کینڈی ٹسکرز کے افغان بولر نے گال گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلنے والے محمد عامر پر طنز کیا۔

میچ ختم ہوتے ہی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تاہم آمنے سامنے آنے پر دیگر کھلاڑیوں اور امپائر نے دونوں کو دور کیا اور معاملہ ختم کروایا۔ میچ کے بعد دونوں ٹیمیں آپس میں مصافحہ کرنے لگیں تو نوین الحق کے قریب آنے پر شاہد آفریدی کی مسکراہٹ غصے میں تبدیل ہوگئی اور آفریدی نے نوین الحق کو گھورتے ہوئے کچھ کہا جس پر افغان کھلاڑی خاموشی سے آگے بڑھ گیا۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی نے افغان کھلاڑی کی محمد عامر سے تلخ کلامی سے متعلق ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نوجوان کھلاڑیوں کو ایک مشورہ دوں گا کہ آرام سے گیم کھیلیں اور بدکلامی سے پرہیز کریں، افغانستان کرکٹ ٹیم میں میرے بہت سے دوست ہیں اور ہمارے تعلقات بھی خوشگوار ہیں، ساتھی کھلاڑیوں اور حریف ٹیم کی عزت کرنا کھیل کا بنیادی اصول ہے‘‘۔
شاہد آفریدی کے اس ٹویٹ کے جواب میں نوین الحق نے ٹویٹ کیا کہ’’ میں ہمیشہ نصیحت لینے اور عزت دینے کے لیے تیار ہوں،کرکٹ ایک جینٹل مین گیم ہے لیکن کوئی آپ کو یہ کہے کہ تم لوگ ہماری جوتی کے نیچے ہو اور وہیں رہو گے تو وہ نہ صرف میری بلکہ میرے لوگوں کی بھی بات کررہا ہوتا ہے‘‘۔