گوجرانوالہ میں 16 سالہ معذور لڑکی اجتماعی زیادتی کا نشانہ بن گئی

متاثرہ لڑکی تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل، لڑکی کے ورثاء کی تلاش جاری، ملزمان تاحال گرفتار نہ ہو سکے

muhammad ali محمد علی جمعرات 3 دسمبر 2020 00:15

گوجرانوالہ میں 16 سالہ معذور لڑکی اجتماعی زیادتی کا نشانہ بن گئی
گوجرانوالہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 دسمبر2020ء) گوجرانوالہ میں 16 سالہ معذور لڑکی اجتماعی زیادتی کا نشانہ بن گئی، متاثرہ لڑکی تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل، لڑکی کے ورثاء کی تلاش جاری۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ایک اور حوا ہی بیٹی ظالم جنسی درندوں کی حوس کا نشانہ بن گئی۔ پولیس کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے ہجویری ٹاؤن میں ایک معذور لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کی عمر 16 سال ہے، لڑکی کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کو طبی امداد کیلئے تحصیل ہسپتال کامونکی منتقل کردیا گیا۔ ہسپتال میں لڑکی کا میڈیکل ٹیسٹ کیا جائے گا جس کی رپورٹ کی روشنی میں پولیس مزید کاروائی کرے گی۔

(جاری ہے)

جبکہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان اور اس کے ورثاء کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔

یہاں واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ چند ماہ کے دوران رپورٹ ہونے والے جنسی زیادتی کیس کی شرح میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ لاہور میں موٹروے زیادتی کیس کے بعد ملک بھر میں عوام نے ایک مہم شروع کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ جنسی زیادتی ملزمان کو سرعام پھانسی یا سخت ترین سزائیں دی جائیں۔ وزیراعظم اور کئی وزراء نے بھی اس مطالبے کی حمایت کی۔

اب جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کیلئے وفاقی کابینہ نے’’کسٹریشن قانون‘‘ فوری نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ گزشتہ روز ہوئے کابینہ اجلاس میں بچوں اورخواتین سے زیادتی کے کیسز میں کسٹریشن کی سزا پر دوبارہ بحث کی گئی۔ کابینہ ارکان نے اتفاق کیا کہ کسٹریشن کی سزا کیلئےعالمی اداروں سے رائے لینے یا آمادگی کی ضرورت نہیں۔ ارکان نے رائے دی کہ بچوں اور خواتین سے زیادتی کے ملزمان رعایت کے مستحق نہیں۔