یوکرین: یو این امدادی قافلے پر روسی ڈرون حملے کی کڑی مذمت

یو این بدھ 15 اکتوبر 2025 04:30

یوکرین: یو این امدادی قافلے پر روسی ڈرون حملے کی کڑی مذمت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 15 اکتوبر 2025ء) امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے یوکرین میں اقوام متحدہ کے امدادی قافلے پر روس کے ڈرون حملے کی سخت مذمت کی ہے۔

ملک میں 'اوچا' کے رابطہ کار میتھائس شمالے نے بتایا ہے کہ جس قافلے پر حملہ ہوا اس میں شامل ٹرکوں پر اقوام متحدہ کے نشانات واضح تھے۔ یہ قافلہ یوکرین کے جنوبی علاقے بیلوزیرکا میں محاذ جنگ کے قریب امداد پہنچانے جا رہا تھا جہاں لوگ کئی ماہ سے مدد کے منتظر تھے۔

Tweet URL

ان کا کہنا ہے کہ جب امدادی کارکنوں نے ٹرکوں سے سامان اتارنا شروع کیا تو شدید گولہ باری شروع ہو گئی۔

(جاری ہے)

اسی دوران 'ڈبلیو ایف پی' کے دو ٹرکوں پر ڈرون حملہ کیا گیا جس سے انہیں نقصان پہنچا اور ان میں آگ لگ گئی۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی امدادی کارکن ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

بین الاقوامی قانون کی پامالی

یوکرین میں 'اوچا' کے عہدیدار آندریا ڈی ڈومینیکو نے کہا ہے کہ یہ قافلہ اس علاقے میں صحت و صفائی کا سامان، ادویات اور پناہ کے لیے درکار اشیا لایا تھا۔

انہوں نے اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری کی ہے جس میں سڑک کنارے کھڑے ایک تباہ شدہ ترک سے دھواں اٹھتا دکھائی دیتا ہے۔

ڈومینیکو نے کہا ہے کہ متحارب فریقین پر انسانی امداد کی فراہمی میں سہولت دینا اور امدادی کارکنوں کا تحفظ لازم ہے۔ میتھائس شمالے نے کہا ہے کہ امدادی کارکنوں اور امدادی سامان کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ جنگی جرم کے ذمرے میں آ سکتا ہے۔

ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کے نگران مشن نے اپنی حالیہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ ماہ یوکرین پر روس کے حملوں میں کم از کم 214 شہری ہلاک اور تقریباً 1,000 زخمی ہوئے۔ ایسی 70 فیصد ہلاکتیں محاذ جنگ کے قریب ہوئیں جن میں بیشتر واقعات دونیسک اور کیرسون میں پیش آئے۔